کانگریس کی 1000 روزہ ناکام حکمرانی کے خلاف بی آر ایس کی احتجاجی مہم ایچوڑہ برقی سب اسٹیشن کا گھیراؤ، ونٹا وارپو کے ذریعے احتجاج؛ کسانوں کے ساتھ بی آر ایس رکن اسمبلی انیل جادھو کا علامتی پھانسی کی رسی کے ساتھ انوکھا احتجاج

کانگریس کی 1000 روزہ ناکام حکمرانی کے خلاف بی آر ایس کی احتجاجی مہم

ایچوڑہ برقی سب اسٹیشن کا گھیراؤ، ونٹا وارپو کے ذریعے احتجاج؛ کسانوں کے ساتھ بی آر ایس رکن اسمبلی انیل جادھو کا علامتی پھانسی کی رسی کے ساتھ انوکھا احتجاج

عادل آباد۔5 /ستمبر ( تلنگان وائس نیوز) کانگریس حکومت کی مبینہ ناکام حکمرانی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف بی آر ایس کی جانب سے احتجاجی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی کے تحت بوتھ کے رکن اسمبلی انیل جادھو کی قیادت میں ایچوڑہ برقی سب اسٹیشن کا گھیراؤ کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ بعد ازاں سب اسٹیشن کے روبرو ونٹا وارپو (پکوان احتجاج) کا اہتمام کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

احتجاج کے دوران رکن اسمبلی انیل جادھو نے کسانوں کے ساتھ مل کر گلے میں پھانسی کی علامتی رسیاں ڈال کر منفرد انداز میں احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسانوں کے زرعی موٹروں پر میٹر نصب کیے گئے تو کسانوں کے لیے صرف پھانسی کا پھندا ہی باقی رہ جائے گا۔اس موقع پر انیل جادھو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص زرعی شعبہ کے لیے درکار برقی سربراہی کے معاملے میں حکومت لاپروائی برت رہی ہے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل کسانوں کو 24 گھنٹے معیاری مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب کسانوں کو برقی کٹوتیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں نظرانداز کررہی ہے۔

Advertising

بی آر ایس رکن اسمبلی نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں کسانوں کو مسلسل برقی سربراہی کے ساتھ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ جیسی کئی فلاحی اسکیمیں فراہم کی گئی تھیں۔ تاہم کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔