مطالبات کی تکمیل کے لیے 10 ستمبر کو حیدرآباد کا محاصرہ کرنے کی وارننگ
Advertising

تلنگانہ کے 33 اضلاع سے ایک لاکھ ملازمین کی شرکت کا دعویٰ، عادل آباد سے 3 ہزار ملازمین کو شرکت کی اپیل
عادل آباد۔8/ستمبر (تلنگانہ وائس)
اپنے مطالبات کی تکمیل کے لیے اس ماہ کی 10 تاریخ کو ریاست کے 33 اضلاع سے کم از کم ایک لاکھ ملازمین کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے شہر کا محاصرہ کرنے کی تلنگانہ گورنمنٹ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (TGEJAC) نے حکومت کو انتباہ دیا ہے۔
"ٹی جی ای جے اے سی” ریاستی کمیٹی کے چیئرمین مارم جگدیشور نے عادل آباد جیسے دور دراز ضلع سے کم از کم 3 ہزار ملازمین کو ’’چلو حیدرآباد‘‘ پروگرام میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔ منگل کے روز عادل آباد کے TNGo بھون میں چلو حیدرآباد پروگرام کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مطالبات کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔
اجلاس کی صدارت ضلع جے اے سی چیئرمین نوین کمار نے کی۔ اس موقع پر مارم جگدیشور نے یومِ اساتذہ کے موقع پر چیف منسٹر کی جانب سے کی گئی تقریر پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مزید دو سال صبر کریں، تمام مسائل حل کردوں گا‘‘ کہنا افسوسناک ہے۔
Advertising

انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کے اقتدار میں آئے تقریباً تین سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ملازمین سے مزید انتظار کرنے کے لیے کہنا آخر کس بات کی علامت ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین کے مسائل حل ہونے تک حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور مطالبات کی تکمیل کے لیے احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔
Advertising


