جئے نور میں روح پرور جلسۂ سیرت و اصلاحِ معاشرہ کا کامیاب انعقاد انسانیت سے حسنِ سلوک، علماء کرام کے احترام اور اچھے اخلاق اپنانے کی تلقین؛ علماء و عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

جئے نور میں روح پرور جلسۂ سیرت و اصلاحِ معاشرہ کا کامیاب انعقاد

انسانیت سے حسنِ سلوک، علماء کرام کے احترام اور اچھے اخلاق اپنانے کی تلقین؛ علماء و عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

جئے نور۔16/ستمبر(تلنگانہ وائس) مسجد بلال، مومن پورہ جئے نور میں روح پرور جلسۂ سیرت و اصلاحِ معاشرہ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں علماء کرام کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا مفتی احمد اللہ نثار قاسمی دامت برکاتہم نے انسانیت کے احترام اور حسنِ معاشرت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک، احترام، محبت، عدل و انصاف اور اچھے اخلاق بھی دین کا اہم حصہ ہیں۔ ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے قول و عمل کے ذریعے دوسروں کے لیے خیر اور آسانی کا ذریعہ بنے۔

مفتی احمد اللہ نثار قاسمی نے وارثینِ انبیاء، یعنی علماء کرام کے احترام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ علم دین کی تعلیمات کو امت تک پہنچانے اور دینی رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ ادب و احترام کا معاملہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے علماء دین کے ساتھ بغض و عناد اور بے ادبی کے نقصانات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے سامعین کو دینی شخصیات کے بارے میں محتاط اور باادب رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی۔

Advertising

جلسہ کا آغاز حافظ امن  کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ حافظ ذیشان نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض مفتی سراج قاسمی صاحب نے انجام دیے۔

Advertising

آخر میں مہمانِ مقرر حضرت مولانا مفتی احمد اللہ نثار قاسمی دامت برکاتہم کی دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

Advertising