گنیش تہوار میں ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کی شرکت
واگاپور میں شری وگھنیشور سوامی کی خصوصی پوجا، پُرامن اور خوشگوار ماحول میں تہوار منانے کی اپیل
عادل آباد۔20/ستمبر( تلنگانہ وائس نیوز)عادل آباد ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے ہفتہ کی شب موالا منڈل کے واگاپور گاؤں میں جاری گنیش چتورتھی تہوار میں شرکت کرتے ہوئے خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔اس موقع پر گنیش اتسو کمیٹی کے ارکان اور گاؤں کے عوام نے ضلع کلکٹر اور زرعی مارکیٹ کمیٹی چیرمین بی سریکانت کا پرتپاک استقبال کیا۔

پوجا کے بعد خطاب کرتے ہوئے کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ گاؤں میں گنیش نوراتری تقاریب کو عوام کی جانب سے پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرنا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ گنیش اتسو عوام کے درمیان بھائی چارے اور اتحاد کو مزید فروغ دینے کا ذریعہ بنے۔کلکٹر نے عوام کو روحانی وابستگی کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کو بھی پیشِ نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے پیشِ نظر مٹی سے تیار کردہ گنیش کی مورتیوں کی تنصیب کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے گنیش مورتیوں کے وسرجن کے موقع پر منڈپ منتظمین اور گاؤں کے عوام کو باہمی تال میل کے ساتھ پُرامن انداز میں انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس اور محکمۂ مال کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانے والی ہدایات اور مقررہ ضوابط پر عمل کرتے ہوئے وسرجن پروگراموں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر کامیابی سے مکمل کرنے کی اپیل کی۔

گنیش اتسو کے موقع پر بچوں کے لیے منعقد کیے گئے رنگولی مقابلوں کا بھی کلکٹر نے مشاہدہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام بچوں میں موجود تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
Advertising

مقابلوں میں کامیاب ہونے والے ننھے شرکاء کو ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے ہاتھوں انعامات پیش کیے گئے۔اس پروگرام میں مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین شری کانت ریڈی، تحصیلدار وینو، مقامی سرپنچ آترم دنیش، گنیش اتسو کمیٹی کے ارکان، گاؤں کے عوام اور دیگر نے شرکت کی۔
Advertising


