عادل آباد، 18/ جون(تلنگانہ وائس) ضلع میں خریف سیزن کے دوران کسانوں کو نقلی، غیر معیاری اور ممنوعہ بیجوں سے بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ کسانوں کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف کسی بھی صورت میں نرمی نہیں برتی جائے گی۔
کلکٹر نے بتایا کہ ضلع کے تمام منڈلوں میں خصوصی ٹاسک فورس ٹیمیں سرگرم ہیں اور اب تک کھاد و بیج فروخت کرنے والے تقریباً 220 ڈیلروں کی دکانوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ معائنے کے دوران نقلی لیبل، بیچ نمبر کے بغیر فروخت اور غیر مجاز و ممنوعہ بیجوں کی فروخت جیسے معاملات میں 18 افراد کے خلاف سات مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اشتہار

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 10.20 لاکھ روپے مالیت کے 1,181 کاٹن بیج پیکٹس ضبط کیے گئے ہیں اور ان کے نمونے جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔ متعلقہ افراد کے خلاف سیڈس ایکٹ 1966 اور ضروری اشیاء ایکٹ 1955 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ زرعی محکمہ کے سیڈ انسپکٹروں نے اب تک 86 بیج نمونے جانچ کے لیے روانہ کیے ہیں۔
اشتہار

کلکٹر نے بتایا کہ اندراویلی منڈل میں سبسڈی والی کھاد کے ساتھ دیگر زرعی ادویات کو جوڑ کر زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے ڈیلروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلروں کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ہر فروخت کے وقت کسانوں کو لاٹ نمبر، میعاد ختم ہونے کی تاریخ اور بیج کی قسم درج شدہ پکا بل فراہم کیا جائے۔ دکانوں کے سامنے سرکاری نرخ اور دستیاب ذخیرے کی تفصیلات پر مشتمل بورڈ بھی آویزاں کیے جائیں۔
کلکٹر نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف لائسنس یافتہ دکانوں سے ہی بیج خریدیں اور کم قیمت کا لالچ دینے والے غیر معروف افراد یا چلتی گاڑیوں سے بیج نہ خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کے بعد دکاندار کے دستخط والا بل، بیج کا تھیلا اور ٹیگ فصل کی کٹائی تک محفوظ رکھیں کیونکہ فصل کے نقصان کی صورت میں معاوضہ حاصل کرنے کے لیے یہی اہم ثبوت ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی منظوری کے بغیر ایچ ٹی کاٹن (بی ٹی-3) بیجوں کی فروخت اور استعمال قانوناً جرم ہے، اس لیے کسان صرف منظور شدہ بی ٹی کاٹن بیجوں کا ہی استعمال کریں۔
ضلع کلکٹر کے مطابق اس وقت ضلع میں 7,35,140 کاٹن بیج پیکٹس، 3,244 ٹن سویا بیج اور 210 ٹن ارہر (کندی) بیج دستیاب ہیں، جو کسانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ نقلی یا ممنوعہ بیجوں کے بارے میں اطلاع ملتے ہی قریبی زرعی افسر، اے ڈی اے دفتر یا ضلع زرعی افسر کو فون نمبر 8977742856 پر مطلع کریں۔

