عادل آباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، میونسپل چیئرپرسن انوشا ستیش نے سنگِ بنیاد رکھا

عادل آباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، میونسپل چیئرپرسن انوشا ستیش نے سنگِ بنیاد رکھا

عادل آباد۔18/جون( تلنگانہ وائس  نیوز) عادل آباد شہر کی ترقی کے سلسلے میں میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا ستیش نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر فلٹر بیڈ کے قریب 10 لاکھ روپے کی لاگت سے کمپاؤنڈ وال اور وارڈ نمبر 16 سندرایا نگر میں 50 لاکھ روپے کی لاگت سے صفائی کے محکمے کی گاڑیوں کے لیے جدید گیراج کی تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔اس جدید گیراج میں واٹر سروسنگ، ویلڈنگ، مرمت اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے میونسپل حدود میں استعمال ہونے والی سینیٹیشن گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال ایک ہی مقام پر مؤثر انداز میں انجام دی جا سکے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا ستیش نے کہا کہ ضلع کلکٹر کی جانب سے منظور شدہ فلڈ فنڈز کے تحت 1.10 کروڑ روپے کی لاگت سے کلورٹس، پیچ ورک اور دیگر بنیادی سہولیات کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل فنڈز سے 10 لاکھ روپے کی لاگت سے خریدے گئے سیمنٹ پائپس کے ذریعے روڈ کراسنگ کے تعمیراتی کام بھی شہر کے مختلف علاقوں میں انجام دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عادل آباد کو ہر لحاظ سے ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے میونسپلٹی سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔اس پروگرام میں میونسپل کمشنر جگدیش گوڑ،وائس چیئرمین محمد روہت، میونسپل فلور لیڈ سنجے، ٹی آر ایس فلور لیڈر اینگنٹی پرکاش، سواتی منگیش،وارڈ 16 کونسلر شاہدہ شیخ، میونسپل کونسلرس ذیشان،نمائندہ کونسلر شیخ ارباز، میونسپل اے ای کرن، نتن، ڈی ای سندیپ، ای ای ارون کمار، دیگر عہدیداران اور مقامی عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔