نیٹ (NEET-UG) دوبارہ امتحان کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل ۔ کلکٹر راجرشی شاہ
عادل آباد، 19 /جون(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ 21 جون (اتوار) کو منعقد ہونے والے نیٹ (NEET-UG) کے دوبارہ امتحان کو پُرامن ماحول میں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
کلکٹر نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر میں امتحان کے لیے مجموعی طور پر سات مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے امیدواروں کو ہدایت دی کہ وہ امتحانی ضوابط اور جاری کردہ تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ امیدوار مقررہ وقت سے پہلے اپنے امتحانی مراکز پر پہنچ جائیں۔ امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت صبح 11 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک ہی دی جائے گی، جبکہ دوپہر 1:30 بجے کے بعد کسی بھی امیدوار کو کسی صورت میں مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے نیٹ ایڈمٹ کارڈ، اصل شناختی کارڈ، دو پاسپورٹ سائز تصاویر اور پانی کی بوتل ساتھ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہال ٹکٹ پر درج امتحانی مرکز کی تفصیلات پہلے ہی چیک کرلیں اور اس میں درج تمام ہدایات پر عمل کریں۔
امتحانی مراکز میں پرنٹ شدہ یا ہاتھ سے لکھی گئی مطالعاتی مواد، جیومیٹری باکس، کیلکولیٹر، پین ڈرائیو، رائٹنگ پیڈ، اسٹیشنری اشیاء، موبائل فون، بلوٹوتھ آلات، ایئر فون، اسمارٹ واچ، ہیلتھ بینڈ، بٹوے، ہینڈ بیگ، بیلٹ، ٹوپیاں، کیمرے، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر الیکٹرانک آلات لے جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

کلکٹر راجرشی شاہ نے خبردار کیا کہ اگر کوئی امیدوار ممنوعہ اشیاء کے ساتھ پکڑا گیا تو امتحانی ضوابط کے مطابق اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے امیدوار این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔

