طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار کر عظیم شہری بنانا حکومت کا ہدف ۔  وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار کر عظیم شہری بنانا حکومت کا ہدف ۔  وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

حیدرآباد، 19/ جون(تلنگانہ وائس) تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت طلبہ و طالبات میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں معاشرے کے ذمہ دار اور باصلاحیت شہریوں کے طور پر تیار کرنے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کا ایک نمایاں تعلیمی اور اسپورٹس ہب بنانا ان کا خواب اور عزم ہے۔

نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میں وزیر اعلیٰ نے ریاستی گورنر کے ہمراہ رہائشی اسکولوں کے طلبہ میں ’’ینگ انڈیا اسٹوڈنٹس کٹس‘‘ تقسیم کرتے ہوئے تعلیمی شعبہ سے متعلق مختلف ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں، انہیں تعلیم کے لیے درکار تمام سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں ناشتے، دوپہر کے کھانے اور اسنیکس کی فراہمی کے بعد مستقبل میں طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حکومت ریاست بھر میں 27.50 لاکھ طلبہ کو یَنگ انڈیا اسٹوڈنٹس کٹس فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ میں تعلیم کے شعبہ کے لیے 26,600 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جسے حکومت خرچ نہیں بلکہ مستقبل میں سرمایہ کاری تصور کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کا مستقبل دیہی علاقوں، کلاس رومز اور فلاحی ہاسٹلز میں پروان چڑھ رہا ہے، اس لیے حکومت ہر غریب بچے تک معیاری تعلیم پہنچانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کے دوران اسکول اور کالج کے طلبہ سے منشیات کے انسداد کے لیے حلف بھی لیا گیا تاکہ نوجوان نسل میں بیداری پیدا کی جا سکے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ اور گورنر نے مختلف نمائشی اسٹالوں کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے غریب والدین کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سرکاری اسکولوں میں نرسری، ایل کے جی اور یو کے جی کلاسوں کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نرسری سے بارہویں جماعت تک ایک جامع تعلیمی پالیسی نافذ کی گئی ہے تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم میسر آسکے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ماڈل اسکولس ملک بھر کے لیے مثال بن رہے ہیں اور ہر اسمبلی حلقہ میں ایک پبلک اسکول قائم کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔ حکومت تلنگانہ کو تعلیم کے میدان میں ملک کے لیے رول ماڈل بنانا چاہتی ہے تاکہ یہاں کے طلبہ مستقبل میں عظیم قائدین اور قوم کے معمار بن سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر بابا صاحب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے دلت اور پسماندہ طبقات کے بچوں میں سے بھی سیکڑوں امبیڈکر پیدا ہونے چاہئیں، کیونکہ انسان کی تقدیر بدلنے کی اصل طاقت کلاس روم میں موجود ہے۔

تقریب کے دوران گورنر کے ہاتھوں مختلف اسکولوں کے طلبہ کو کٹس تقسیم کی گئیں، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر نے مشترکہ طور پر ’’انا-اکّا مینٹورشپ پروگرام‘‘ کا بھی افتتاح کیا۔