جی سی سی سوسائٹی دفتر کا ڈویژنل منیجر کی جانب سے اچانک معائنہ

جی سی سی سوسائٹی دفتر کا ڈویژنل منیجر کی جانب سے اچانک معائنہ

عادل آباد، 23/ جون (تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد کے ایچوڑا میں واقع قبائلی کوآپریٹو کارپوریشن (جی سی سی) سوسائٹی دفتر کا اُتنور کے ڈویژنل منیجر سندیپ کمار گوڈی ملا نے اچانک معائنہ کیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران انہوں نے سوسائٹی دفتر میں موجود رجسٹروں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ تمام ریکارڈ کو بروقت اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ انہوں نے بل بکس، کیش بکس، واؤچرز اور حاضری رجسٹروں کی بھی جانچ کی۔

بعد ازاں ڈویژنل منیجر نے گودام کا دورہ کرتے ہوئے قبائلی بہبود محکمہ کے ہاسٹلوں کو فراہم کی جانے والی اشیائے ضروریہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رجسٹروں کی تصدیق کی، اشیاء کی میعاد ختم ہونے کی تاریخوں کا جائزہ لیا اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر معیار اور ضابطوں کی سختی سے پابندی کرنے پر زور دیا گیا۔

انہوں نے جی سی سی کے زیر انتظام ایچوڑا ڈپارٹمنٹل رائس (ڈی آر) ڈپو کا بھی معائنہ کیا، جہاں رجسٹروں، چاول کے ذخائر، گزشتہ تین ماہ کے دوران تقسیم کی تفصیلات، شہد، ایپّا پھول (مہوا)، گنی بیگز اور دیگر اشیاء کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ڈویژنل منیجر نے جی سی سی کے زیر انتظام چلنے والے پٹرول پمپ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایچوڑا جی سی سی منیجر رمیش کے علاوہ عملہ کے ارکان تروپتی، رانی، ستیہ نارائنا اور دیگر موجود تھے۔