خود روزگار کی جانب عادل آباد کی ’کلا اکیڈمی‘ کا اہم قدم
ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے ہاتھوں طلبہ کی شاندار تہنیت
عادل آباد، 23/ جون (تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ مہارت پر مبنی تعلیم کے ذریعے کم عمری میں ہی نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل اور غیر معمولی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے منگل کے روز کلکٹر کیمپ آفس میں عادل آباد کی ’’کلا اکیڈمی‘‘ کے ان طلبہ کی تہنیت کی جنہوں نے محض ایک ماہ کی ڈیجیٹل تربیت کے دوران فری لانس پراجکٹس حاصل کرتے ہوئے صنعتی حلقوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری سوچ کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر طلبہ مقامی تجارتی اداروں کے علاوہ دیگر علاقوں کے کلائنٹس کے ساتھ کام کرتے ہوئے کانٹینٹ کریئیشن کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔

کلکٹر نے اکیڈمی میں زیرِ تربیت نویں جماعت کے طالب علم اور کم عمر ترین شریکِ تربیت پرتھم کی تخلیقی صلاحیتوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کلا اکیڈمی‘‘ جیسی تربیتی تنظیمیں نوجوانوں کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرتے ہوئے خود روزگار اور فری لانسنگ کی جانب رہنمائی کر رہی ہیں، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

اس تقریب میں اکیڈمی کے نمائندگان روشن کیندرے، رشی کیندرے، طلبہ سائی وگنیش، پرتھم سائی، سرینواس، سرتھوِک، کرشنا اور ارویند سمیت دیگر افراد شریک تھے۔


