صفائی نہ رکھنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کیجائیگی : کاماریڈی فوڈسیفٹی آفیسر وکرم کی وارننگ

صفائی نہ رکھنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کیجائیگی : کاماریڈی فوڈسیفٹی آفیسر وکرم کی وارننگ

کاماریڈی، 23 /جون(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)بارش کے موسم میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر فوڈ سیفٹی آفیسر جی. وکرم نے منگل کے روز کاماریڈی کے نئے بس اسٹینڈ کے سامنے واقع متعدد ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر اچانک معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران کئی اداروں میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔معائنے میں معلوم ہوا کہ بعض مقامات پر کھانے کی اشیاء بغیر ڈھکن کے رکھی گئی تھیں، کچن غیر صاف حالت میں تھے، فوڈ ہینڈلرز کے پاس صحت کے سرٹیفکیٹ موجود نہیں تھے اور عملہ دستانے اور ہیڈ کیپ استعمال نہیں کر رہا تھا۔ متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی گئی۔فوڈ سیفٹی آفیسر نے خبردار کیا کہ بارش کے موسم میں مچھروں اور مکھیوں کے ذریعے بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ضلع کے تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، ٹفن سینٹروں اور دیگر فوڈ بزنس اداروں کو صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے ہدایت دی کہ ہوٹلوں کے اطراف پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، کھانے کی اشیاء کو ہمیشہ ڈھکن لگا کر محفوظ رکھا جائے، صرف صاف اور محفوظ پینے کا پانی استعمال کیا جائے، باورچی اور سروس عملہ صاف لباس، دستانے اور ہیڈ کیپ پہنے، جبکہ کچرے کو روزانہ ڈھکن والے ڈسٹ بن میں جمع کر کے بروقت تلف کیا جائے۔جی. وکرم نے واضح کیا کہ مقررہ فوڈ سیفٹی معیارات پر عمل نہ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔