زچہ و بچہ کی اموات کی روک تھام میں لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔  ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

زچہ و بچہ کی اموات کی روک تھام میں لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔  ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

متعلقہ حکام کو مربوط انداز میں کام کرنے اور ہائی رسک حاملہ خواتین کی خصوصی نگرانی کی ہدایت

عادل آباد، 8/ جولائی (تلنگانہ وائس نیوز)

ضلع کلکٹرعادل آباد راجرشی شاہ نے محکمۂ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں زچہ و بچہ کی اموات کو صفر تک لانے کے ہدف کے ساتھ مربوط اور مؤثر انداز میں کام کیا جائے، جبکہ طبی خدمات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

چہارشنبہ کی شام کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں زچہ و بچہ کی اموات کے اندراج و جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ حاملہ خواتین کے اندراج سے لے کر زچگی تک ہر مرحلہ مسلسل نگرانی کا متقاضی ہے اور ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ دیہی علاقوں میں تعینات اے این ایمز اور آشا ورکرس حاملہ خواتین، خصوصاً ہائی رسک کیسز، کی مسلسل نگرانی کریں اور ضرورت پیش آنے پر انہیں فوری طور پر رِمز اسپتال منتقل کر کے بروقت علاج کو یقینی بنائیں۔

ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولتوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے، زچہ و بچہ کی ہر موت کی تفصیلی جانچ کرنے اور خامیوں کی نشاندہی کر کے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملہ ہائی رسک حاملہ خواتین کو نجی اسپتالوں کا رخ کرنے سے روکنے کے لیے خصوصی توجہ دے۔

Advertisment

ضلع کلکٹر نے نومولود بچوں کو ابتدائی چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ محکمۂ صحت کے تمام شعبے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں، جبکہ طبی افسران باقاعدگی سے فیلڈ کا دورہ کر کے اسپتالوں کی کارکردگی اور بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیں۔

Advertisment

اجلاس کے دوران ضلع کے مختلف پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں درج زچہ و بچہ کی اموات کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلع کلکٹر نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی اہداف کے مطابق محکمۂ صحت کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عادل آباد کو زچہ و بچہ کی اموات سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ طبی خدمات کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Advertisment

اجلاس میں ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادھنا، رِمز ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ، پروگرام آفیسر وائی سی سری نواس، مختلف سرکاری اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹس، طبی افسران، آشا ورکرس، اے این ایمز اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

#Health

#Gov

#Adilabad