ضلع کلکٹر نے عادل آباد میونسپلٹی کے ترقیاتی ایجنڈے کو منظوری دے دی ۔ میونسپل چیرپرسن بنڈاری انوشا
عادل آباد۔9/جولائی(تلنگانہ وائس)
عادل آباد میونسپلٹی کی جنرل باڈی میٹنگ 29 جون 2026 کو منعقد ہوئی تھی، جس میں بعض کونسلروں کی جانب سے ایجنڈے کے چند نکات پر اعتراضات کیے گئے تھے۔ بعد ازاں وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور حلقہ انچارج کندی سرینواس ریڈی کی ہدایات کے مطابق متعلقہ ایجنڈا آئٹمز منظوری کے لیے ضلع کلکٹر کو ارسال کیے گئے۔ ان خیالات کا اظہار میونسپل چیرپرسن بنڈاری انوشا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔
Advertisment

انہوں نے بتایا کہ عوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ضلع کلکٹر نے متعدد ترقیاتی کاموں کی منظوری دے دی، جن میں سیپٹک ٹینکوں کی تعمیر، صفائی کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری، ہریتا ہارم پروگرام کے لیے فنڈز، 49 وارڈوں میں نافذ کیے جانے والے "99 روزہ شہری منصوبہ بندی – پرگتی” پروگرام کے بلوں کی ادائیگی سمیت میونسپلٹی سے متعلق دیگر اہم ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

میونسپل چیئرپرسن بنڈری انوشا ستیش نے عوامی مفاد میں ایجنڈا آئٹمز کی منظوری کے لیے تعاون پر انچارج کندی سرینواس ریڈی، وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور خصوصی منظوری دینے پر ضلع کلکٹر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

