عادل آباد: خواتین کے مسائل پر فوری انصاف یقینی بنایا جائے، ایس پی اکھل مہاجن کی ہدایت
عادل آباد، 10/ جولائی(تلنگانہ وائس) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے خواتین سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتے ہوئے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جمعہ کو انہوں نے عادل آباد کے ویمن پولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ کیا اور اسٹیشن کے ریکارڈ، زیر التوا مقدمات، شکایات کے ازالے، صفائی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایس پی نے پولیس عملے کو ہدایت دی کہ ہر خاتون شکایت کنندہ کے ساتھ احترام اور ہمدردی سے پیش آئیں، ان کے مسائل کو سنجیدگی سے سنیں اور ضروری قانونی کارروائی میں تاخیر نہ کریں۔ انہوں نے میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازعات کو حساس انداز میں نمٹانے اور قانونی تقاضوں کے مطابق متاثرین کو انصاف دلانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اسٹیشن خواتین کے تحفظ اور اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے ہر شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بروقت کارروائی کی جائے۔ ایس پی نے اسٹیشن ریکارڈ کو مستقل طور پر اپ ڈیٹ رکھنے، زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے اور معیاری تفتیش کے ذریعے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
Advertisment

اس موقع پر عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ویمن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کے پھنیدھر، اے ایس آئیز اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔

