ایم پی جے کی خدمات پر سابق ایم ایل اے راتھوڑ باپو راو کا خراجِ تحسین
عادل آباد۔10/جولائی(تلنگانہ وائس) عادل آباد مستقر میں مسجد گلزار اور اردو گھر شادی خانہ کے درمیان قائم ایم پی جے (موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس) کے ضلعی دفتر کا سابق ایم ایل اے راتھوڑ باپو راو نے دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم پی جے کے ٹاؤن صدر سید فیروز اور لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران سابق ایم ایل اے نے دفتر میں جاری خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) مہم کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ایم پی جے کی ٹیم روزانہ بڑی تعداد میں شہریوں کی رہنمائی کرتے ہوئے فارم بھرنے اور دیگر ضروری معلومات فراہم کر رہی ہے۔ بالخصوص ایڈوکیٹ ایم اے بصیر کی نگرانی میں یہ رہنمائی مرکز عوام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں مرد و خواتین بلا لحاظِ مذہب اپنی ضروری رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
راتھوڑ باپو راو نے ایم پی جے کی عوامی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سماجی اور عوامی فلاحی سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، خصوصاً ضلع کلکٹر سے بھی تعاون کی درخواست کریں گے تاکہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے ایم پی جے کے ذمہ داران اور رضاکاروں کی خدمات کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تنظیم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
Advertisment


