ملکاج گیری پولیس کا "سہچری” پروگرام، خواتین کو کمیونٹی سیفٹی ایمبیسیڈر بنانے کا آغاز

ملکاج گیری پولیس کا "سہچری” پروگرام، خواتین کو کمیونٹی سیفٹی ایمبیسیڈر بنانے کا آغاز

حیدرآباد، 15/ جولائی (تلنگانہ وائس)

ملکاج گیری پولیس کمشنریٹ نے خواتین کے تحفظ اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے مقصد سے "می سرکشا – سہچری” پروگرام کے تحت ایک خصوصی بیداری اجلاس کا انعقاد کیا۔ ناگول کے شبھم کنونشن ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں ایل بی نگر اور اپّل زون کی سیلف ہیلپ گروپس (SHG) سے وابستہ خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کمشنر محترمہ بی. سُمتی، آئی پی ایس کی قیادت میں خواتین کے تحفظ، سائبر فراڈ سے بچاؤ، منشیات مخالف مہم، قانونی حقوق اور پولیس کی ہنگامی خدمات سے متعلق جامع آگاہی فراہم کی گئی۔

Advertising

پولیس کمشنریٹ کی جانب سے شروع کی گئی "سہچری” پہل کے تحت سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو کمیونٹی سیفٹی ایمبیسیڈر بنایا جائے گا، تاکہ وہ خواتین و بچوں کے تحفظ، سائبر سکیورٹی، گھریلو تشدد کی روک تھام، ہنگامی امدادی خدمات اور سماجی نگرانی کے شعبوں میں عوام اور پولیس کے درمیان مؤثر رابطے کا کردار ادا کرتے ہوئے محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا فعال تعاون پیش کریں۔