عادل آباد۔17/جولائی(تلنگانہ وائس)
سرکاری اسکولوں میں اٹینڈر (اسکل اسسٹنٹ) کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک ہی خاندان کے تین افراد سے 5.30 لاکھ روپے وصول کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے معاملہ میں عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کیس کے اصل سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے صحافیوں کو بتایا کہ کیس کے اصل ملزم محمد بابر، چیئرمین گلوبل فاؤنڈیشن، تیگلا گٹہ پلی، کریم نگر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گلوبل فاؤنڈیشن کے نام پر فرضی تقرری احکامات تیار کرتے ہوئے ملازمت کے خواہشمند افراد کو دھوکہ دیا۔

14 اکتوبر 2025 کو عادل آباد کے رہنے والے نوگورو روی کی شکایت پر ٹو ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی تھیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم نے ایک ہی خاندان کے نوگورو روی، نرسماں اور پرتھوی سے ملازمت دلانے کے نام پر نقد اور فون پے کے ذریعہ مجموعی طور پر 5.30 لاکھ روپے وصول کئے اور بعد ازاں گلوبل فاؤنڈیشن کے نام سے فرضی تقرری احکامات حوالے کئے۔
Advertising

پولیس نے بتایا کہ قابل اعتماد اطلاع پر 16 جولائی کو عادل آباد آر ٹی سی بس اسٹینڈ کے قریب اصل ملزم محمد بابر کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، جس کے دوران اس نے جرم کا اعتراف کیا۔
Advertising

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نے اے-1 پلّی کونڈہ کارتک (نرمل)، اے-2 راہل پینٹا ستیش (سوریا پیٹ) اور اے-3 وڈیکر نوین کمار (بھینسہ) کو درمیانی افراد کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو نشانہ بنایا اور ان سے رقم وصول کی۔ وصول شدہ رقم میں سے درمیانی افراد کو کمیشن دے کر باقی رقم خود رکھنے کا بھی ملزم نے اعتراف کیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضہ سے متاثرین کو دیئے گئے فرضی تقرری احکامات کی نقول اور ایک ریئل می اینڈرائیڈ موبائل فون ضبط کرلیا۔
Advertising

اس کیس میں اے-1، اے-2 اور اے-3 کو پہلے ہی گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیجا جاچکا ہے، جبکہ تازہ طور پر اے-4 محمد بابر کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ سرکاری ملازمت دلانے کے نام پر رقم طلب کرنے والے افراد پر بھروسہ نہ کریں اور اگر کوئی شخص ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی کرے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں۔
اس کارروائی میں ایس آئیز پرنئے کمار، وشنو پرکاش اور پولیس عملہ نے حصہ لیا۔

