حیدرآباد، یکم اگست (تلنگانہ وائس) حکومتِ تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر نے اردو صحافیوں پر زور دیا کہ وہ وزراء، کلکٹرس اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے پروگراموں اور پریس کانفرنسوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
انہوں نے یہ بات تلنگانہ میڈیا اکیڈمی، حیدرآباد میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ سرکاری پروگراموں اور پریس کانفرنسوں میں اردو صحافیوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے، جبکہ بعد میں یہ شکایت کی جاتی ہے کہ حکومت اقلیتوں اور اردو صحافیوں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافی خود ایسے مواقع پر موجود رہیں گے تو وہ نہ صرف اپنے مسائل مؤثر انداز میں پیش کر سکیں گے بلکہ عوامی مسائل کو بھی حکام تک پہنچا سکیں گے۔
Advertising

انہوں نے دوستانہ انداز میں مشورہ دیا کہ اردو صحافی سرکاری تقریبات میں باوقار اور مناسب لباس میں شریک ہوں، متعلقہ موضوع پر مکمل معلومات رکھیں، ذمہ دار عہدیداروں سے مؤثر انداز میں سوالات کریں اور اپنے موقف کو اعتماد کے ساتھ پیش کریں تاکہ ان کی پیشہ ورانہ شناخت مزید مضبوط ہو۔
محمد علی شبیر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ اور سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے اور ان کی باتوں کو مثبت انداز میں لیا جائے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ جہاں بھی سرکاری عہدیداروں کی لاپروائی نظر آئے، وہاں بلا جھجھک سوال کریں، سرکاری پریس کانفرنسوں میں باقاعدگی سے شرکت کریں اور اپنے ساتھی صحافیوں کا بھی احترام کریں۔
Advertising

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صحافی برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے مثبت رویہ اختیار کرے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
Advertising


