کانگریس حکومت اردو صحافیوں کو مکانات، اراضی اور دیگر سہولیات فراہم کرے ۔ ایم اے ماجد
حیدرآباد۔یکم/اگست(تلنگانہ وائس) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ریاستی صدر ایم اے ماجد نے کہا ہے کہ صحافیوں کے لیے مکانات، اراضی اور دیگر فلاحی سہولیات ماضی میں کانگریس حکومت کے دور میں فراہم کی گئی تھیں، اور چونکہ ریاست میں ایک مرتبہ پھر کانگریس کی حکومت قائم ہے، اس لیے امید کی جاتی ہے کہ تلنگانہ بھر کے اردو صحافیوں کو بھی اراضی، رہائشی مکانات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تلنگانہ میڈیا اکیڈمی، حیدرآباد کے آڈیٹوریم میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے دس سالہ کامیاب سفر کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریبِ ایوارڈس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایم اے ماجد نے تقریب میں موجود ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر اور وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی سے مخاطب ہوتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت اردو صحافیوں کے لیے اراضی، مکانات اور دیگر فلاحی اسکیموں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

اس موقع پر وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے کہا کہ اردو صحافیوں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ منفی خبروں اور افواہوں سے گریز کرتے ہوئے مثبت، معیاری اور تحقیقی صحافت کو فروغ دیں۔
Advertising

وزیر موصوف نے کہا کہ وہ اردو صحافیوں، بالخصوص تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ساتھ کھڑے ہیں اور امید ظاہر کی کہ صحافی برادری بھی ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔
Advertising

بعد ازاں وزیر محمد اظہر الدین، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، میڈیا اکیڈمی کے ڈائریکٹر، فیڈریشن کے ریاستی ذمہ داران سید غوث محی الدین، ایم اے محسن، جیلانی اور دیگر معززین کے ہاتھوں منتخب صحافیوں کو ایوارڈز پیش کیے گئے، جبکہ مہمانانِ خصوصی کی شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعے تہنیت بھی کی گئی۔
Advertising


