نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے مقدمہ میں ملزم کو ایک سال قید اور 2500 روپے جرمانہ
عادل آباد۔یکم/اگست(تلنگانہ وائس) نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے مقدمہ میں عادل آباد ضلع و سیشن جج کے پربھاکر راؤ نے ملزم کو ایک سال قید کی سزا کے ساتھ 2500 روپے جرمانہ عائد کیا۔ مقدمہ میں 11 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 14 مئی 2025 کو متاثرہ لڑکی اپنی بہن کے ہمراہ کام کے سلسلہ میں نارنور آئی تھی۔ گاندھی چوک کے مقام پر بھیم پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے ملزم راٹھوڑ لوا کمار (20)، ولد لمباراؤ نے مبینہ طور پر لڑکی کا پیچھا کرتے ہوئے اسے دھمکایا اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے گالی گلوج کی۔
متاثرہ کی شکایت پر نارنور پولیس اسٹیشن کے اس وقت کے ایس آئی کے اکھیل نے کرائم نمبر 50/2025 کے تحت بی این ایس کی دفعات 75، 99 اور 206(b) کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔
Advertising

عدالتی کارروائی کے دوران کورٹ ڈیوٹی افسر پی وشنو نے 11 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا، جبکہ سرکاری وکیل عبدالرحیم نے مقدمہ کی پیروی کرتے ہوئے دلائل پیش کیے۔ شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے پر ضلع و سیشن جج کے پربھاکر راؤ نے ملزم کو ایک سال قید اور 2500 روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
Advertising

یہ اطلاع کورٹ لائزننگ افسر ایم گنگا سنگھ نے دی۔
مقدمہ درج ہونے سے لے کر جرم ثابت ہونے تک مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے والے پولیس عہدیداروں اور ملازمین کی خدمات کو ضلع ایس پی Akhil Mahajan نے سراہتے ہوئے انہیں خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔

