گھر کا ملازم ہی نکلا چوری کا ماسٹر مائنڈ، دو ملزمان گرفتار
عادل آباد/بوتھ، یکم/اگست (تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد کے حلقہ اسمبلی بوتھ پولیس نے مکان میں چوری کے معاملہ کو فوری طور پر حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1.4 کلو گرام چاندی کے زیورات اور 15 گرام سونے کے زیورات برآمد کرلیے۔
Advertising

بوتھ سرکل انسپکٹر ڈی گرو سوامی کے مطابق، سونالا منڈل کے سوریہ نگر (ساکھیرا) گاؤں کے رہنے والے دھراوت ونود کمار 26 جولائی کو اپنی والدہ کو لانے چھتیس گڑھ کے فراس گاؤں گئے تھے۔ روانگی سے قبل انہوں نے گھر میں موجود سونے، چاندی کے زیورات اور نقد رقم ٹرنک میں رکھ کر مکان کو مقفل کردیا تھا۔
Advertising

اسی بات کا علم مکان میں کام کرنے والے ارجن آڈے (A2) کو تھا۔ اس نے یہ اطلاع اپنے واقف کار رٹھوڑ گنیش (A1) کو دی۔ دونوں نے آسانی سے رقم حاصل کرنے کے مقصد سے چوری کی منصوبہ بندی کی۔
Advertising

اسی رات مکان میں کسی کے موجود نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رٹھوڑ گنیش نے لوہے کی سلاخ سے دروازے کا تالا توڑ کر مکان میں داخل ہوکر ٹرنک میں رکھے 1.4 کلو چاندی کے زیورات، 15 گرام سونے کے زیورات اور 2 ہزار روپے نقد چوری کرلیے، جبکہ ارجن آڈے مکان کے باہر پہرہ دیتا رہا۔ بعد ازاں دونوں نے مسروقہ سامان آپس میں تقسیم کرلیا۔
Advertising
ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر بوتھ پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تکنیکی شواہد اور معتبر اطلاعات کی بنیاد پر ملزمان کا سراغ لگایا۔ پولیس کارروائی کی اطلاع ملنے کے بعد دونوں ملزمان مسروقہ سامان کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، جنہیں پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش کی۔ ان کے قبضہ سے مکمل 1.4 کلو چاندی اور 15 گرام سونے کے زیورات برآمد کرلیے گئے۔
سی آئی ڈی گرو سوامی نے عوام سے اپیل کی کہ مکان کو مقفل کرکے باہر جاتے وقت قیمتی اشیاء کی حفاظت کا خصوصی خیال رکھیں۔ کسی بھی مشتبہ شخص کی نقل و حرکت نظر آنے پر فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 112 پر اطلاع دیں۔

چوری کے کیس کو کامیابی سے حل کرنے پر سی آئی نے ایس آئی وی پرشوتم، پولیس ملازمین مدن، حفیظ، راہل اور سنتوش کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

