34 برس بے لوث صحافتی خدمات کا شاندار اعتراف، اعجاز احمد خان "تبسم فریدی ایوارڈ” سے سرفراز
وزیر محمد اظہر الدین، محمد علی شبیر اور ممتاز شخصیات کے ہاتھوں اعزاز، صحافتی حلقوں میں مسرت کی لہر
حیدرآباد، 2 /اگست (تلنگانہ وائس ڈیسک)
ضلع نرمل کے سینئر صحافی اور تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ریاستی نائب صدر جناب اعجاز احمد خان کو صحافت کے میدان میں 34 برس پر محیط غیر معمولی، بے لوث اور مثالی خدمات کے اعتراف میں باوقار "تبسم فریدی ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انہیں مومنٹو، توصیف نامہ اور شال پیش کرکے شاندار انداز میں تہنیت پیش کی گئی۔

یہ اعزاز تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے قیام کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر حیدرآباد کی تلنگانہ میڈیا اکیڈمی میں منعقدہ پروقار تقریب میں دیا گیا، جہاں ریاست کے ممتاز اردو صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، حکومتِ تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر، ٹی ایم آر ای آئی ایس کے نائب صدر فہیم قریشی، فیڈریشن کے ریاستی صدر ایم اے ماجد، ریاستی جنرل سیکریٹری محمد غوث محی الدین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
Advertising

پروگرام کی صدارت ایم اے ماجد نے کی، جبکہ تقریب کے کامیاب انعقاد میں محمد غوث محی الدین، خلیل فرہاد، ایم اے محسن، واجد حسین اور دیگر ذمہ داران نے نمایاں خدمات انجام دیں۔

اعجاز احمد خان کو یہ باوقار ایوارڈ ملنے کی خبر کے بعد صحافتی حلقوں، رشتہ داروں، دوستوں اور چاہنے والوں کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس موقع پر امریکہ میں مقیم ضلع عادل آباد کے سینئر صحافی، ضلع حج سوسائٹی کے صدر اور فیڈریشن کے ضلعی صدر محمد شاہد احمد توکل نے بھی اعجاز احمد خان کو 34 سالہ درخشاں صحافتی خدمات اور "تبسم فریدی ایوارڈ” حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Advertising

اعجاز احمد خان نے اس باوقار اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ انفرادی کامیابی نہیں بلکہ اردو صحافت سے وابستہ تمام مخلص صحافیوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے مبارکباد پیش کرنے والے تمام احباب، ساتھیوں اور خیر خواہوں کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔
Advertising

Advertising


