ضلع عادل آباد کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پولیس کی سخت نگرانی، سرحدی چیک پوسٹ پر خصوصی تلاشی مہم

عادل آباد۔13/جون (تلنگانہ وائس)

ضلع عادل آباد کو گانجا اور دیگر منشیات سے پاک بنانے کے مقصد سے پولیس محکمہ کی جانب سے خصوصی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں جمعہ کے روز مہاراشٹر۔تلنگانہ سرحد پر واقع پِپّرواڑہ چیک پوسٹ پر ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن، آئی پی ایس کی نگرانی میں خصوصی تلاشی مہم چلائی گئی۔

اس دوران مہاراشٹر سے تلنگانہ میں داخل ہونے والی نجی گاڑیوں، بسوں، کاروں اور دیگر مشتبہ گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ منشیات کی نشاندہی کے لیے تربیت یافتہ نارکوٹک اسنیفر ڈاگ ’’روما‘‘ نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تلاشی کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔

ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے اس موقع پر کہا کہ گانجا اور دیگر نشہ آور اشیاء کی نقل و حمل، فروخت، ذخیرہ اندوزی اور استعمال قانوناً جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پولیس پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں گانجا کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں، ایگل اسکواڈ اور نارکوٹک اسنیفر ڈاگس کی مدد سے مسلسل چیکنگ، نگرانی اور تلاشی مہمات جاری رکھی جائیں گی تاکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خصوصی مہم میں عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، جینتھ سرکل انسپکٹر جی شراون سمیت پولیس کے دیگر افسران اور عملہ شریک رہا۔