رِمس سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں نایاب و پیچیدہ سرجریز کامیابی سے انجام، مریضوں کو مفت معیاری علاج کی فراہمی ۔ رمس ڈائیریکٹر جئے سنگھ راتھوڑ
عادل آباد۔11/اگست (تلنگانہ وائس) رِمس سوپر اسپیشالٹی اسپتال عادل آباد میں نایاب اور پیچیدہ سرجریز کامیابی کے ساتھ انجام دیتے ہوئے مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ بات رِمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ نے آج سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصہ میں اسپتال میں پھیپھڑوں کے کینسر، تھائرائڈ اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کے کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں۔ ان سرجریز کے بعد مریض صحت یاب ہوکر معمول کی زندگی کی جانب لوٹ رہے ہیں۔
Advertising


ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ نے کہا کہ جن پیچیدہ آپریشنز کے لیے نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے تک کا خرچ آتا ہے، وہی سرجریز رِمس سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں مفت انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رِمس میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی کے ساتھ جدید طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ضلع اور اطراف کے علاقوں کے مریضوں کو نمایاں فائدہ پہنچ رہا ہے۔
Advertising

اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نریندر بنڈاری کے علاوہ یورولوجی ماہر ڈاکٹر کارتیک، سرجیکل آنکولوجسٹ ڈاکٹر جکّولا شری کانت، نیورو سرجن ڈاکٹر وجئے موہن راج، کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر ذکریا، پیڈیاٹرک سرجن ڈاکٹر ساملا دیوی داس، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مروگیشورن، انستھیزیا ماہر ڈاکٹر ہمنی اور آر ایم او ڈاکٹر چمپت راؤ سمیت دیگر طبی عملہ موجود تھا۔
Advertising

اجلاس کے دوران کامیاب پیچیدہ سرجریز کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں سے بھی ملاقات کی گئی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کو آئندہ بھی ضروری طبی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
Advertising

ڈائریکٹر رِمس نے کہا کہ اسپتال کا مقصد عوام کو کم خرچ اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے رِمس سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔

