نیٹ میں نمایاں کارکردگی، ایم ایس اکیڈمی کے 23 طلبہ کو سابق وزیر جوگو رامنا اور بی آر ایس رکن اسمبلی انیل جادھو کی مبارکباد عادل آباد ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے ذمہ داران محمد بلال سر اور رفیع سر کی تعلیمی خدمات کی ستائش، نیٹ میں نمایاں کامیابی پر طلبہ و سرپرستوں کو مبارکباد

نیٹ میں نمایاں کارکردگی، ایم ایس اکیڈمی کے 23 طلبہ کو سابق وزیر جوگو رامنا اور بی آر ایس رکن اسمبلی انیل جادھو کی مبارکباد

عادل آباد ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے ذمہ داران محمد بلال سر اور رفیع سر کی تعلیمی خدمات کی ستائش، نیٹ میں نمایاں کامیابی پر طلبہ و سرپرستوں کو مبارکباد

عادل آباد.16/اگست( تلنگانہ وائس نیوز) ایم ایس نیٹ اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے عادل آباد ضلع کے 23 طلبہ و طالبات کی جانب سے نیٹ (NEET) امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سابق ریاستی وزیر و بی آر ایس قائد جوگو رامنا اور حلقہ بوتھ کے بی آر ایس رکن اسمبلی انیل جادھو نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

ہفتہ کے روز عادل آباد میں واقع بی آر ایس ضلع پارٹی دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران نیٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔

اس موقع پر سابق وزیر جوگو رامنا نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے تھے۔ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے کئی اہم منصوبے شروع کیے، جن کے مثبت نتائج آج سامنے آ رہے ہیں۔

جوگو رامنا نے کہا کہ تلنگانہ میں 1,000 اقامتی تعلیمی ادارے قائم کرنے والے واحد چیف منسٹر کے سی آر ہیں۔ غریب اور مستحق طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے اقامتی اسکولوں اور کالجوں کے ساتھ ساتھ ہر ضلع میں میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں کے قیام کا مقصد طلبہ کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ مستقبل میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ آج انہی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کر رہے ہیں، جو قابلِ مسرت بات ہے۔

انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور بلند اہداف مقرر کرتے ہوئے انہیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے نیٹ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 23 طلبہ و طالبات کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر بی آر ایس پارٹی قائدین الحاج محمد یونس اکبانی، سید ساجد الدین، سلیم پاشاہ، جناب محمد ظہور، ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے چیرمین محمد بلال سر،ڈائریکٹر ایم ایس نیٹ اکیڈمی  رفیع سر، واگھمارے پرشانت سمیت دیگر قائدین، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین موجود تھے۔