عادل آباد میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہریوں میں خوف و تشویش
بچوں، خواتین اور بزرگوں کا راستہ چلنا دشوار، مجلس بلدیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ
عادل آباد۔24/اگست (تلنگانہ وائس نیوز)
عادل آباد مستقر کے مختلف محلوں، علاقوں اور گلیوں میں آوارہ کتوں کی کثرت سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں آوارہ کتے جھنڈ کی شکل میں آزادانہ گھومتے نظر آرہے ہیں، جس کے باعث راہگیروں، خواتین، بزرگوں اور بالخصوص معصوم بچوں کا سڑکوں پر چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
صبح کی اولین ساعتوں میں مسجد فردوس اور کراچی بیکری کے سامنے بھی آوارہ کتوں کا جھنڈ گھومتا ہوا دکھائی دیا، جس کے سبب مصلیان اور راہگیروں میں کچھ دیر کے لیے خوف و تشویش کا ماحول پیدا ہوگیا۔
Advertising

Advertising

مقامی عوام کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے مسئلے پر مقامی قائدین، عوامی نمائندوں اور متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے مؤثر اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق عادل آباد میں آوارہ کتوں کے حملوں کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں، جبکہ بعض معصوم بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔
عوام نے ضلع کلکٹر اور مجلس بلدیہ عادل آباد سے پرزور مطالبہ کیا کہ شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی جان و سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں نے سوال کیا کہ عادل آباد کو آوارہ کتوں سے کب نجات ملے گی اور متعلقہ عہدیدار کب حرکت میں آئیں گے؟
Advertising

Advertising


