خفیہ خزانے کے نام پر دھوکہ دہی کی کوشش، چار افراد گرفتار
اُٹنور قلعہ میں خفیہ خزانے کی تلاش کے لیے کھدائی کی کوشش، 4 موبائل فون، آیورویدک ادویات و اشیاء اور کار ضبط
اُٹنور ایس ایچ او جی وجئے
عادل آباد، 2/ ستمبر(تلنگانہ وائس نیوز) اُٹنور پولیس نے خفیہ خزانے کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار موبائل فون، آیورویدک ادویات و اشیاء اور ایک مہندرا XUV 500 کار ضبط کرلی۔
اُٹنور ایس ایچ او گُنپولا وجئے کے مطابق پیر کے روز اُٹنور منڈل کے کوتہ گوڑہ چیک پوسٹ پر پولیس گاڑیوں کی تلاشی لے رہی تھی۔ اسی دوران موصولہ مصدقہ اطلاع پر جَنّارم کی جانب سے اُٹنور آنے والی مہندرا XUV 500 کار کو روک کر تلاشی لی گئی، جس میں چار افراد سوار تھے۔

مشکوک حرکات پر پولیس نے ان کے موبائل فونوں کی جانچ کی تو زمین کی کھدائی سے متعلق ویڈیوز سامنے آئیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے خفیہ خزانے کی تلاش کے نام پر کھدائی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
Advertising


پولیس کے مطابق ملزمین کا منصوبہ تھا کہ اُٹنور قلعہ میں خفیہ خزانہ موجود ہونے کا یقین دلاتے ہوئے کھدائی کی ویڈیوز لوگوں کو دکھائی جائیں اور انہیں دھوکہ دے کر رقم حاصل کی جائے۔ اس کے علاوہ ملزمین آیورویدک ادویات و اشیاء کو مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے مفید قرار دے کر بھی لوگوں سے رقم حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
Advertising

گرفتار ملزمین میں:
A1 کیمرا کشن (50)، متیّہ پلی، منچریال ضلع؛
A2 دُرگم لنگیا (53)، کوتہ واری پیٹ، منچریال ضلع؛
A3 دُرگم پروین (27)، کوتہ واری پیٹ، منچریال ضلع؛
A4 داسری یسوبابو (58)، سدی پیٹ ضلع شامل ہیں۔
Advertising

پولیس نے چاروں ملزمین کو گرفتار کرکے ضبط شدہ اشیاء سمیت اُٹنور پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
Advertising

پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ خفیہ خزانے کی موجودگی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے افراد سے محتاط رہیں اور اس طرح کی گمراہ کن باتوں پر یقین نہ کریں۔

