قومی شاہراہوں پر راستہ روکو، دھرنے اور احتجاج سے گریز کریں ۔  ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی

قومی شاہراہوں پر راستہ روکو، دھرنے اور احتجاج سے گریز کریں ۔  ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی

عادل آباد، 4/ ستمبر (تلنگانہ وائس) قومی و ریاستی شاہراہوں پر راستہ روکو، دھرنے اور احتجاج کرتے ہوئے عوامی آمدورفت میں خلل پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ انتباہ عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے دیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہیں ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی آمدورفت کا اہم ذریعہ ہیں۔ شاہراہوں کو مسدود کرنے سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہونے کے علاوہ عوام کو شدید مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Advertising

ڈی ایس پی نے کہا کہ راستہ روکو اور دھرنوں کے باعث ایمبولینس، فائر سروس اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہونے سے مریضوں، حاملہ خواتین اور دیگر متاثرین کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

Advertising

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے مسائل پیش کرنے کے لیے جمہوری اور قانونی طریقۂ کار اختیار کریں۔ بغیر اجازت قومی و ریاستی شاہراہوں یا اہم سڑکوں پر راستہ روکو، دھرنا یا احتجاج کرتے ہوئے عوامی ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Advertising

ڈی ایس پی نے بتایا کہ عادل آباد ضلع بھر میں 30 پولیس ایکٹ نافذ ہے۔ لہٰذا عوامی امن و امان اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے کسی بھی پروگرام سے گریز کیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف نیشنل ہائی وے ایکٹ 1956 کی دفعہ 8(b) اور BNS کی دفعات 126(2)، 285 اور دفعہ 190 کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔