رقم نہ دینے پر شخص پر حملہ، موٹر سائیکل چھین لی گئی
ٹرانس جینڈر گرفتار، دو ساتھی فرار ۔ سی آئی بی سنیل کمار
عادل آباد، 7 ستمبر (تلنگانہ وائس) رقم دینے سے انکار پر ایک شخص پر حملہ کرتے ہوئے اس کی موٹر سائیکل چھین لینے کے معاملہ میں ون ٹاؤن پولیس نے ایک ٹرانس جینڈر کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ون ٹاؤن ایس ایچ او بی۔ سنیل کمار کے مطابق شانتھی نگر سے تعلق رکھنے والا تُنکی سنتوش یکم ستمبر کی رات اپنے ساتھی کے ہمراہ این ٹی آر چوک پر ایک واقف کار سے بات کررہا تھا۔
Advertising

اسی دوران ایک ٹرانس جینڈر سمیت تین افراد وہاں پہنچے اور سنتوش سے رقم دینے کا مطالبہ کیا۔ رقم دینے سے انکار پر ٹرانس جینڈر نے سنتوش پر حملہ کردیا، جبکہ دیگر دو افراد نے بھی اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ خوف کے باعث سنتوش وہاں سے چلا گیا، جس کے بعد ملزمین اس کی تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کی دو پہیہ گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
Advertising

متاثرہ شخص نے 7 ستمبر کو ون ٹاؤن پولیس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے A-1 سمرن خان عرف سیف خان (25)، ساکن عادل آباد کو گرفتار کرلیا۔
Advertising

پولیس کے مطابق اس معاملہ میں A-2 فیصل، ساکن بنگاری گوڑہ، اور A-3 سمیر، ساکن بھگت سنگھ نگر، عادل آباد مفرور ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ معاملہ میں مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

