ایس آئی، کانسٹیبل امیدواروں کے لیے مفت تربیتی پروگرام کا آغاز
3500 امیدواروں نے اہلیتی امتحان میں لیا حصہ، 300 سے زائد منتخب؛ 100 غریب و قبائلی نوجوانوں کو خصوصی موقع
عادل آباد، 7 ستمبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد ضلع پولیس کی جانب سے ایس آئی اور کانسٹیبل ملازمتوں کے حصول کے خواہشمند امیدواروں کے لیے مفت ابتدائی امتحانی تربیتی پروگرام کا پیر کے روز ڈی ٹی سی ٹریننگ سنٹر میں ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس کے ہاتھوں آغاز عمل میں آیا۔

اس موقع پر ایس پی اکھل مہاجن نے امیدواروں کو سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے سخت محنت، مستقل مزاجی اور منظم انداز میں تیاری کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے ہر امیدوار کے لیے کامیابی کے مواقع موجود ہیں اور اس مفت تربیتی سہولت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نوجوان اپنے مقصد کو حاصل کرسکتے ہیں۔
Advertising

پولیس محکمہ کی جانب سے تربیت کے لیے منعقدہ اہلیتی امتحان میں تقریباً 3500 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 300 سے زائد امیدواروں کا مفت تربیت کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ان میں 100 غریب اور قبائلی نوجوانوں کو خصوصی موقع فراہم کیا گیا ہے۔
Advertising

ایس پی نے بتایا کہ حیدرآباد، نلگنڈہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ماہر اساتذہ کی ٹیم کے ذریعے امیدواروں کو معیاری ابتدائی امتحان کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ تربیت کے دوران روزانہ اور ہفتہ وار امتحانات بھی منعقد کیے جائیں گے، جس کے ذریعے امیدواروں کی تیاری کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔
Advertising

انہوں نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ ابتدائی امتحان میں کامیابی کو اپنا اولین ہدف بنائیں اور روزانہ پڑھائے جانے والے نصاب کا باقاعدگی سے اعادہ کریں۔ خواتین امیدوار بھی پولیس ملازمتوں کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں۔
Advertising

تربیتی پروگرام روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ایس پی نے مزید بتایا کہ ابتدائی امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو اگلے مرحلے میں ڈی ٹی سی احاطہ میں ہی مفت کھانے اور رہائش کی سہولت کے ساتھ خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقصد کا تعین کرتے ہوئے مسلسل محنت کریں اور دستیاب موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان پولیس محکمہ میں ملازمت حاصل کرسکیں۔
Advertising

اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ایڈمنسٹریشن پی۔ مونیکا، آئی پی ایس، عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی، ٹو ٹاؤن سی آئی کے۔ ناگراجو، ریزرو انسپکٹر ڈی۔ وینکٹی، ماہر اساتذہ سائی پرساد، رورل ایس آئی وی۔ وشنو وردھن اور دیگر پولیس افسران و عملہ موجود تھا۔

