مدینہ ہوٹل میں فوڈ سیفٹی افسر کی اچانک تنقیح ممنوعہ مصنوعی فوڈ کلرز کے استعمال کا انکشاف، نمونے لیب روانہ، ایک ہفتہ میں اصلاح نہ ہونے پر ہوٹل سیل کرنے کا انتباہ

مدینہ ہوٹل میں فوڈ سیفٹی افسر کی اچانک تنقیح

ممنوعہ مصنوعی فوڈ کلرز کے استعمال کا انکشاف، نمونے لیب روانہ، ایک ہفتہ میں اصلاح نہ ہونے پر ہوٹل سیل کرنے کا انتباہ

تلنگانہ وائس کی خبر کا اثر

عادل آباد، 10/ ستمبر(تلنگانہ وائس ڈیسک) عادل آباد شہر میں ریسٹورینٹس،  ہوٹلس اور ٹفن سنٹرس میں ناقص صفائی اور فوڈ سیفٹی قواعد کی خلاف ورزیوں سے متعلق تلنگانہ وائس ڈیجیٹل ویب پورٹل میں 6 ستمبر کو شائع کی گئی تفصیلی خبر کا اثر سامنے آیا ہے۔ خبر کی اشاعت کے بعد ضلع کلکٹر کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی محکمہ نے شہر کے ہوٹلس میں تنقیح کا آغاز کردیا ہے۔

فوڈ سیفٹی آفیسر محترمہ پرتوشا نے جمعرات کو عادل آباد شہر کے بھکتاپور علاقہ میں واقع مدینہ ہوٹل پر اچانک پہنچ کر تنقیح کی۔ اس دوران ہوٹل میں تیار کئے جانے والے چکن کے مختلف پکوانوں میں ممنوعہ مصنوعی فوڈ کلرز کے استعمال کا انکشاف ہوا۔

Advertising

فوڈ سیفٹی آفیسر پرتوشا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہوٹل کے خلاف موصولہ شکایت کی بنیاد پر یہ تنقیح کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانے کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری کو روانہ کئے جا رہے ہیں اور ہوٹل کے مالک کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

Advertising

انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر فوڈ سیفٹی قواعد کی خلاف ورزیوں میں اصلاح نہیں کی گئی تو ہوٹل کو سیل کردیا جائے گا۔

Advertising

فوڈ سیفٹی محکمہ کی جانب سے عادل آباد شہر کے دیگر ہوٹلس اور ٹفن سنٹرس میں بھی تنقیح جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ضرورت پڑنے پر فوڈ لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ ہی ہوٹل کو سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔

Advertising

واضح رہے کہ تلنگانہ وائس نے 6 ستمبر کو شائع کردہ اپنی خصوصی خبر میں عادل آباد شہر کے مختلف ہوٹلس اور ٹفن سنٹرس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزیوں سے متعلق ایک تفصیلی خبر شائع کی  تھی۔