18 لاکھ مالیت کے 102 گمشدہ موبائل فون متاثرین کے حوالے
خصوصی پولیس ٹیم کی کارروائی، 18 ماہ میں 1700 موبائل فون برآمد؛ ایس پی اکھل مہاجن کی عوام سے CEIR میں فوری شکایت درج کرنے کی اپیل
عادل آباد، 11/ ستمبر(تلنگانہ وائس)عادل آباد ضلع پولیس نے خصوصی مہم کے تحت گمشدہ اور چوری شدہ 102 موبائل فونز برآمد کرکے ان کے اصل مالکان کے حوالے کردیئے۔ برآمد شدہ موبائل فونز کی مجموعی مالیت تقریباً 18 لاکھ روپے ہے۔

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے بتایا کہ موبائل فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں عوام فوری طور پر CEIR ویب سائٹ یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں۔ موبائل فونز کی بازیابی کے لیے ضلع پولیس کی جانب سے خصوصی ریکوری ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو مختلف ریاستوں اور اضلاع سے فونز برآمد کررہی ہے۔

ایس پی کے مطابق گزشتہ 18 ماہ میں تقریباً 1700 موبائل فونز برآمد کرکے متاثرین کو واپس کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بَس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، مارکیٹ، رعیتو بازار اور RIMS جیسے مقامات پر موبائل فون کے معاملے میں احتیاط برتیں۔

انہوں نے موبائل فون دکانداروں اور ریپئرنگ سنٹرس کے مالکان کو بھی خبردار کیا کہ فون خریدتے وقت مالک کی اجازت اور ضروری دستاویزات کی مکمل جانچ کریں۔ چوری شدہ موبائل فون خریدنے یا فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ضلع میں پہلے ہی 3 مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔
Advertising

موبائل فون واپس ملنے پر متاثرین نے ضلع ایس پی اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی، ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو اور خصوصی ریکوری ٹیم کے ارکان سمیت دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔
Advertising

تلنگانہ وائس | Advertising & News

