کلا اکاڈمی خود روزگار پر مبنی کورسز کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے ۔ پاٹل شنکر آئی ٹی ٹاور، ایئرپورٹ اور انڈسٹریل کاریڈور سے عادل آباد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔  رکن اسمبلی

کلا اکاڈمی خود روزگار پر مبنی کورسز کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے ۔ پاٹل شنکر

آئی ٹی ٹاور، ایئرپورٹ اور انڈسٹریل کاریڈور سے عادل آباد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔  رکن اسمبلی

عادل آباد، 14/ ستمبر(تلنگانہ وائس) رکن اسمبلی عادل آباد پاٹل شنکر نے کہا کہ کلا اکاڈمی خود روزگار پر مبنی کورسز کے ذریعے ضلع کے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور لڑکیوں کو روزگار سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بہتر مواقع حاصل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

اتوار کے روز عادل آباد کلا اکاڈمی کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں رکن اسمبلی پاٹل شنکر، میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا، بی آر ایس لیڈر الحاج محمد یونس اکبانی، سابق میونسپل چیئرپرسن آر. منیشا اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئرمین درگم شیکھر نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر کلا اکاڈمی کی بانی واشنوی کیندرے کے ہمراہ مہمانانِ خصوصی نے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی کارکردگی و کوششوں کو سراہا۔ مہمانوں نے طلبہ کو اپنی عملی مہارتوں کو مزید فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاٹل شنکر نے کہا کہ عادل آباد ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں اپنی منفرد شناخت بنانے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد میں آئی ٹی ٹاور کا آغاز ہونے سے نوجوانوں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کلا اکاڈمی سے خود روزگار پر مبنی کورسز مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مستقبل میں عادل آباد کے آئی ٹی ٹاور میں بھی روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکاڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابیاں حاصل کریں گے اور اپنے والدین، کلا اکاڈمی اور ضلع عادل آباد کا نام روشن کریں گے۔

Advertising

رکن اسمبلی نے کہا کہ عادل آباد میں بہت جلد ایئرپورٹ اور انڈسٹریل کاریڈور کا آغاز ہوگا، جس سے عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں عادل آباد کو پسماندہ ضلع سمجھا جاتا تھا اور یہاں لال بس کا آنا بھی مشکل تھا، لیکن آج ایئرپورٹ، انڈسٹریل کاریڈور اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ضلع نئی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

پاٹل شنکر نے تیقن دیا کہ کلا اکاڈمی سے کامیاب تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو محکمہ اقلیتی بہبود، ایس سی، ایس ٹی محکموں اور بینک لون کے حصول میں ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو خود روزگار میں تبدیل کرسکیں۔

Advertising

مقررین نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) تیزی سے صنعتوں کے کام کرنے کے طریقۂ کار کو تبدیل کر رہی ہے۔ ایسے میں نوجوانوں کے لیے صرف سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل ٹولز کا استعمال سیکھنا کافی نہیں، بلکہ انہیں بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے، تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ڈیجیٹل دور میں کامیاب کیریئر تعمیر کرنے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

Advertising

پہلے بیچ کی کامیابی پر والدین نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ کئی والدین نے بتایا کہ اکاڈمی میں تربیت حاصل کرنے کے بعد ان کے بچوں کے اعتماد، عملی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل دنیا سے متعلق سمجھ بوجھ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ایسے طلبہ جنہیں داخلے سے قبل ڈیجیٹل شعبے کا محدود تجربہ تھا، اب مختلف پروجیکٹس پر آزادانہ طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ مواقع بھی تلاش کر رہے ہیں۔

Advertising

اس موقع پر سابق میونسپل چیئرپرسن آر. منیشا پوان، عادل آباد ایس سی ڈپارٹمنٹ چیئرمین پرمیشور، بی جے پی لیڈر ادیناتھ، کانگریس پارٹی میڈیا کوآرڈینیٹر میگالا جتندر، امن فاؤنڈیشن کے صدر عرفات خان، روشن کیندرے، گنیش کیندرے کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔