سلائی مشینوں کی تقسیم میں شفافیت پر سوالات، تحقیقات کا مطالبہ مستحق خواتین کو نظرانداز کرنے کا الزام: محمد عمران

سلائی مشینوں کی تقسیم میں شفافیت پر سوالات، تحقیقات کا مطالبہ

مستحق خواتین کو نظرانداز کرنے کا الزام: محمد عمران

عادل آباد، 16/ جون(تلنگانہ وائس)

ہینڈی کیپ ہیلپنگ ویلفیئر سوسائٹی عادل آباد کے بانی و صدر محمد عمران نے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حال ہی میں تقسیم کی گئی سلائی مشینوں کے انتخابی عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں محمد عمران نے کہا کہ ضلع میں 400 افراد کو سلائی مشینیں فراہم کی گئیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان مستحقین کا انتخاب کن بنیادوں پر کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا تمام منتخب افراد کے پاس ٹیلرنگ کا سرٹیفکیٹ موجود تھا یا پھر سفارشات اور تعلقات کی بنیاد پر ناموں کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غریب خواتین درخواست جمع کرنے کے لیے بھی اپنی یومیہ مزدوری قربان کرتی ہیں، لیکن اس کے باوجود حقیقی مستحقین کئی مرتبہ سرکاری اسکیموں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی اسکیموں کا اصل مقصد ضرورت مند طبقات کو فائدہ پہنچانا ہے، جس کے لیے مکمل شفافیت ناگزیر ہے۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔۔۔Advertisment

محمد عمران نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسی اسکیموں کے نفاذ کے دوران مستحقین کے انتخاب کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری فوائد حقیقی حقداروں تک پہنچیں۔