عادل آباد۔ 16/جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد میں واقع سی سی آئی سیمنٹ صنعت کی بحالی کے مقصد سے سی سی آئی سادھنا کمیٹی کی جانب سے منگل کے روز ’’ہیلو یوتھ… چلو سی سی آئی انڈسٹری‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہر میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بعد ازاں سی سی آئی فیکٹری کے مرکزی دروازے کے سامنے دھرنا دیا گیا۔
اس احتجاجی پروگرام میں سابق وزیر ، سادھنا کمیٹی کے صدر درشنالہ ملیش، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
اشتہار۔ ۔۔۔۔Advertisment

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ سی سی آئی فیکٹری کی بحالی کے لیے مرکزی وزراء نے ماضی میں متعدد وعدے کیے تھے، لیکن اب اسی فیکٹری کو کباڑ کے طور پر فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی بی جے پی رکن پارلیمان اور ارکان اسمبلی عوام کو اس معاملے پر جواب دیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو بار بار یقین دہانیاں دینے کے باوجود فیکٹری کو بحال کرنے کے بجائے فروخت کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مقامی رکن اسمبلی رئیل اسٹیٹ کاروباری حلقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، اسی لیے فیکٹری کی فروخت کا راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔


