اے آئی ٹی یو سی ضلع عادل آباد کی چوتھی ضلعی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ، 19 جولائی کو مزدور ریلی اور نمائندہ اجلاس

عادل آباد، 16 /جون(تلنگانہ وائس)

آل انڈیا ٹریڈ یونین  (AITUC) ضلع عادل آباد کی چوتھی ضلعی عظیم کانفرنس کے سلسلے میں استقبالیہ کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز ضلع صدر بھارتلا گووردھن کی صدارت میں بج رنگ فنکشن ہال، عادل آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں AITUC کے ریاستی سکریٹری ایس ولاس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ولاس نے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کی بنیاد پر قائم ہونے والی AITUC تنظیم نے اپنے قیام کے 105 سال مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے قبل ہی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے 37 اہم قوانین کے حصول میں AITUC نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز اور ریاست میں برسرِ اقتدار حکومتیں مزدور قوانین کو کمزور کرتے ہوئے کارپوریٹ اداروں کے مفادات کو ترجیح دے رہی ہیں، جس کے نتیجے میں مزدوروں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساوی کام کے لیے مساوی اجرت اور مہنگائی کے تناسب سے اجرتوں میں اضافہ جیسے بنیادی مسائل پر حکومتیں سنجیدگی نہیں دکھا رہیں۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment

ایس ولاس نے بتایا کہ ہر تین سال بعد AITUC کی ضلعی کانفرنس منعقد کی جاتی ہے۔ اسی سلسلے میں 19 جولائی 2026 کو صبح 11 بجے ایک عظیم مزدور ریلی نکالی جائے گی جبکہ دوپہر ایک بجے سو نمائندوں پر مشتمل ضلعی نمائندہ اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں نئی اور متحرک قیادت کا انتخاب کیا جائے گا اور مزدور مخالف پالیسیوں کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

اجلاس میں کانفرنس کی کامیاب انعقاد کے لیے 23 رکنی فنڈ کمیٹی، ضیافت کمیٹی اور آرائش کمیٹیوں کا بھی انتخاب کیا گیا۔

اس موقع پر AITUC ضلع جنرل سکریٹری سررا دیویندر، ڈپٹی جنرل سکریٹری گاجنگولا راجو، ضلع ایگزیکٹو ارکان ٹی راجنا، منتھینا کانتاراؤ، کے گنگیا، کیرتی رمنا، ایس کے عثمان، وائی آشنا سمیت ضلع کونسل کے ارکان اور مختلف ملحقہ یونینوں کے ضلعی قائدین موجود تھے۔