مرکزی خانقاہ عادل آباد میں پانچ روزہ مجالسِ یادِ امام حسینؑ، عاشقانِ اہلِ بیتؑ کو شرکت کی دعوت

پانچ روزہ مجالس یاد حسین علیہ السلام

عادل آباد۔ 16/جون (تلنگانہ وائس)

ذمہ داران خانقاہ محمدی اجمیری نصرتی عادل آباد کے مطابق

یکم محرم الحرام کو مسجد انوارِ مصطفی، خانقاہِ محمدی اجمیری نصرتی اور اس سے متعلقہ مختلف علاقوں کی تمام خانقاہوں میں بعد نمازِ عصر سرخ پرچم کی ایستادگی عمل میں آئے گی۔ اس کے بعد، 5 محرم سے مرکزی خانقاہ عادل آباد اور دیگر متعلقہ خانقاہوں میں روزانہ بعد نمازِ مغرب پانچ روزہ مجالس "یادِ امام حسین علیہ السلام” کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ مقررہ نظامُ العمل کے مطابق، مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، نعت اور منقبتوں سے ہوگا، جس کے بعد عنوان "یادِ حسین علیہ السلام” پر ایک بصیرت افروز بیان کیا جائے گا۔ بیان کے بعد درود و سلام اور دعا پر مجلس کا اختتام ہوگا، اور بعد نمازِ عشاء لنگرِ عام کا اہتمام رہے گا۔ مزید برآں، 9 محرم الحرام کو بعد نمازِ مغرب مرکزی خانقاہ عادل آباد میں ایک عظیم الشان "جلسۂ شہادتِ امامِ حسین علیہ السلام” منعقد ہوگا، جس میں مختلف اضلاع اور صوبوں سے وابستگان اور عاشقانِ مولا حسین علیہ السلام شرکت فرمائیں گے۔ چونکہ محبتِ اہلِ بیت اطہار اور محبتِ مولا حسین علیہ السلام تقاضاِ ایمان ہے، اس لیے اپنے ایمان کی جلا اور کمالِ ایمان کے لیے تمام مستورات اور دوست احباب سے ان پرنور محافل میں شرکت فرما کر مستفیض ہونے کی گزارش ہے؛ مستورات کے لیے پردے کا علحدہ نظم رہے گا۔