17 برس سے مفرور جاب فراڈ ملزم گرفتار، عدالت میں پیش
جعلی ملازمتوں کے نام پر بے روزگار نوجوانوں سے رقم وصول کرنے والا ملزم نان بیلیبل وارنٹ کے تحت گرفتار، 17 سال بعد قانون کے شکنجے میں آگیا
عادل آباد۔16/جون(تلنگانہ وائس)
2009 میں جعلی ملازمتوں کے نام پر بے روزگار نوجوانوں سے لاکھوں روپے وصول کر کے دھوکہ دہی کرنے والے ملزم کو 17 برس بعد ون ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔ ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار نے بتایا کہ ملزم وینگلا رمیش بابو گزشتہ کئی برسوں سے عدالت میں حاضر ہونے سے گریز کرتے ہوئے مفرور تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے "وی آر ایکوپمنٹ اینڈ کنزیومر پرائیویٹ لمیٹڈ” نامی ادارے کے ذریعے ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دے کر متعدد بے روزگار افراد سے فی کس 20 ہزار سے 25 ہزار روپے وصول کیے تھے۔ متاثرین کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم ملزم طویل عرصے تک قانون کی گرفت سے بچتا رہا۔

سی آئی بی سنیل کمار نے بتایا کہ عدالت کی جانب سے جاری نان بیلیبل وارنٹ (NBW) پر عمل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی سے فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور ایسے تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور زیر التوا نان بیلیبل وارنٹس پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔

