عادل آباد۔ 17/جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد میں مجوزہ جوائنٹ یوزر (دفاعی و سول) ایئرپورٹ کے قیام کی سمت ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ منصوبے کے لیے درکار اراضی کے حصول کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا اور تمام مراحل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔
منگل کے روز کلکٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں رکن پارلیمنٹ گوڈم ناگیش، رکن اسمبلی پائل شنکر، بنگلورو سے تعلق رکھنے والے بھارتی فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور ریاستی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر بھرت ریڈی نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں نے مجوزہ مقام کا دورہ کرتے ہوئے مائیکرو لیول سروے انجام دیا اور رن وے کی توسیع سمیت مختلف تکنیکی امور کا جائزہ لیا۔

کلکٹر راجرشی شاہ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پہلے ہی 700 ایکڑ اراضی کے حصول کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ دفاعی انفراسٹرکچر اور ایئر فورس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے لیے مزید 1500 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی تجویز کو اصولی منظوری حاصل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن رن وے کی توسیع کے لیے مزید 80 ایکڑ اراضی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جیو کوآرڈینیٹس کی بنیاد پر اراضی کے حصول کا عمل انتہائی شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا اور جلد از جلد زمین دفاعی وزارت اور ایئرپورٹ اتھارٹی کے حوالے کی جائے گی۔ ان کے مطابق عادل آباد میں سول ایوی ایشن کے ساتھ دفاعی انفراسٹرکچر کا قیام ضلع کی ترقی کے لیے تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔
اشتہار۔۔۔۔۔۔۔۔Advertisment

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ گوڈم ناگیش نے کہا کہ ایئرپورٹ منصوبے کے سلسلے میں مقامات کے انتخاب اور تکنیکی جانچ کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مارچ میں نئی دہلی میں مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، رام موہن نائیڈو اور کشن ریڈی کے ساتھ اس منصوبے پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی، جبکہ 15 مئی کو مرکزی سطح کی ٹیم نے بھی مقام کا معائنہ کیا تھا۔
رکن اسمبلی پائل شنکر نے کہا کہ آج کے اجلاس سے اراضی کے حصول کے عمل پر مکمل وضاحت حاصل ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 1840 ایکڑ اراضی درکار ہوگی، جس میں 1500 ایکڑ دفاعی محکمہ کے حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جوائنٹ یوزر ایئرپورٹ کے قیام سے عادل آباد کے عوام کا کئی دہائیوں پرانا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا اور ضلع میں ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرس آر ایس چترو، ایس راجیشور، فضائیہ کے اعلیٰ افسران جے پی سبر وال، ایس جی ہیگڈے، ایس کے ریڈی، آر ڈی او جگدیشور، لینڈ سروے کے اے ڈی پربھاکر، تحصیلدار سرینواس، گووند اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Advertisment


