ڈی آر ڈی اے میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کے نام پر ₹47 ہزار کی دھوکہ دہی
عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
عادل آباد، 6 اکتوبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر میں ڈی آر ڈی اے (DRDA) میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ایک شخص سے ₹47 ہزار کی رقم وصول کرکے دھوکہ دینے کے معاملہ میں عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔
عادل آباد ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شیخ فاروق (46)، ولد شیخ محمد، ساکن بھاگیہ نگر، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق عادل آباد کے رہنے والے ابھیلاش کو ملزم شیخ فاروق نے ڈی آر ڈی اے میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کا یقین دلایا۔ اس سلسلہ میں رواں سال مئی کے دوران اس نے متاثرہ شخص سے دو قسطوں میں بالترتیب ₹45,000 اور ₹2,000 وصول کیے۔ تاہم رقم لینے کے بعد نوکری نہیں دلائی گئی۔
Advertising

متاثرہ شخص نے پیر کے روز عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں اور ملزم شیخ فاروق کو گرفتار کرلیا۔ عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد اسے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
Advertising

انسپکٹر کے. ناگراجو نے بتایا کہ ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی دو دھوکہ دہی کے مقدمات درج ہیں۔
Advertising

انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ سرکاری یا کسی بھی محکمہ میں نوکری دلانے کا وعدہ کرنے والے افراد پر بھروسہ کرکے رقم ادا نہ کریں۔ اگر کسی شخص کو اس نوعیت کی دھوکہ دہی کا سامنا ہوا ہو تو وہ بلا خوف و ہچکچاہٹ ضلع پولیس سے رجوع کریں۔

