جیوتی با پھولے ہاسٹل میں وارڈن کی نوکری دلانے کے نام پر ₹5.50 لاکھ کی دھوکہ دہی ملزم گرفتار، عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل — موالا پولیس

جیوتی با پھولے ہاسٹل میں وارڈن کی نوکری دلانے کے نام پر ₹5.50 لاکھ کی دھوکہ دہی

ملزم گرفتار، عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل — موالا پولیس

عادل آباد، 6 اکتوبر(تلنگانہ وائس) جیوتی با پھولے ہاسٹل میں وارڈن کی نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے ₹5.50 لاکھ وصول کرکے دھوکہ دینے کے معاملہ میں موالا پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

 

موالا سرکل انسپکٹر بی. ڈی. پریم کمار کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت آرے پروین، ولد لکشمن، ساکن سنجے نگر، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔

Advertising

پولیس کے مطابق عادل آباد کے رام نگر کی رہنے والی ایرّوجو کرشنا وینی نے ملازمت کے سلسلہ میں اپنے شوہر کے دوست آرے پروین سے رابطہ کیا تھا۔ ملزم نے اسے یقین دلایا کہ وہ جیوتی با پھولے ہاسٹل میں وارڈن کی نوکری دلوا دے گا اور اس کے لیے ₹5.50 لاکھ خرچ ہوں گے۔

ملزم کی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے متاثرہ خاتون نے 22 اگست 2023 کو ₹1 لاکھ اور 15 ستمبر 2023 کو ₹1.50 لاکھ ادا کیے۔ بعد میں ملزم نے دستاویزی کارروائی مکمل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مزید رقم طلب کی، جس پر 5 نومبر 2023 کو ₹40 ہزار اور 6 نومبر 2023 کو ₹20 ہزار فون پے کے ذریعے ادا کیے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ملازمت کے تقرری احکام کی نقل فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے مزید رقم حاصل کی، جس کے بعد متاثرہ خاتون کی جانب سے مجموعی طور پر ₹5.50 لاکھ ادا کیے گئے۔

 

رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے متاثرہ خاتون سے رابطہ کرنا بند کردیا۔ ملازمت کے بارے میں پوچھنے پر اس نے حکومت تبدیل ہونے کی وجہ سے نوکری نہیں دلوا پانے کی بات کہی اور رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔

 

20 جولائی 2024 کو ملزم نے رقم واپسی کے لیے ایک چیک دیا، تاہم بینک اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے چیک باؤنس ہوگیا۔ بعد میں ملزم نے پرامیسری نوٹ اور بانڈ پیپر پر تحریر دیتے ہوئے مزید ₹2 لاکھ کا چیک دیا، لیکن وہ چیک بھی باؤنس ہوگیا۔

 

اس کے بعد متاثرہ خاتون نے موالا پولیس اسٹیشن سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کرائی کہ ملزم نے جھوٹی یقین دہانی کے ذریعے سرکاری ملازمت دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے اس سے ₹5.50 لاکھ وصول کیے اور دھوکہ دیا۔

 

پولیس نے شکایت کی بنیاد پر موالا پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 695/2025، دفعہ 420 آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو آج گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

 

پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ سرکاری ملازمت دلانے کا وعدہ کرنے والے افراد کو رقم ادا نہ کریں۔ اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے افراد فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔