مسلم آٹو ڈرائیور کی ایمانداری کی مثال، گمشدہ پرس زیورات سمیت خاتون کے حوالے
عادل آباد، 7/ جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد میں ایک مسلم آٹو ڈرائیور کی ایمانداری نے عوام کا دل جیت لیا۔ حسین نامی آٹو ڈرائیور نے ایک خاتون مسافر کا قیمتی پرس، جس میں نقد رقم اور سونے کے زیورات موجود تھے، بحفاظت واپس دلا کر دیانتداری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
تفصیلات کے مطابق ایک خاتون شہر کے ٹھاکر ہوٹل علاقہ سے حسین کے آٹو میں سوار ہوئی تھی۔ منزل پر پہنچنے کے بعد خاتون جلدبازی میں اپنا پرس آٹو میں ہی بھول گئی۔ کچھ دیر بعد آٹو ڈرائیور حسین نے آٹو میں موجود پرس دیکھا تو فوری طور پر اپنی ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی اطلاع جنتا آٹو یونین کے صدر نصرت خان کو دی۔
اشتہار۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔Advertisment

نصرت خان نے ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر سنیل کمار سے ملاقات کرتے ہوئے مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا اور پرس پولیس کے حوالے کردیا۔ بعد ازاں پولیس نے خاتون کا سراغ لگا کر انہیں پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ اس موقع پر جنتا آٹو یونین کے صدر نصرت خان اور آٹو ڈرائیور حسین بھی موجود تھے۔ پولیس نے تمام کارروائی مکمل کرنے کے بعد پرس خاتون کے حوالے کردیا۔
بتایا جاتا ہے کہ پرس میں نقد رقم کے علاوہ تقریباً ایک تولہ سونے کے زیورات بھی موجود تھے۔ اپنا گمشدہ سامان واپس ملنے پر خاتون اور ان کے اہل خانہ نے خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آٹو ڈرائیور حسین، جنتا آٹو یونین اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سی آئی سنیل کمار نے عوام کو سفر کے دوران اپنے سامان کی حفاظت اور محتاط رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے آٹو ڈرائیور حسین کی ایمانداری اور فرض شناسی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
خبروں کی دنیا میں ایک نیا اور معتبر نام — تلنگانہ وائس
سچ، اعتماد اور عوامی مسائل کی مؤثر ترجمانی
Telangana Voice – Delivering Truth, Empowering People

