ووٹر لسٹ کی تطہیر کے لیے خصوصی سروے کا آغاز
25 جون تا 24 جولائی ایس آئی آر پروگرام جاری رہے گا
بی ایل اوز گھر گھر پہنچ کر معلومات جمع کریں گے
افواہوں پر کان نہ دھریں، عوام بھرپور تعاون کریں: کلکٹر راجرشی شاہ
عادل آباد، 25/ جون(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ ووٹر فہرست کو مزید شفاف، درست اور خامیوں سے پاک بنانے کے مقصد سے ضلع بھر میں خصوصی جامع نظرثانی (Special Integrated Revision – SIR) پروگرام کا آغاز 25 جون سے کیا جا رہا ہے، جو 24 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔ بدھ کی شام کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس پروگرام کی تفصیلات سے میڈیا نمائندوں کو آگاہ کیا۔

کلکٹر نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے دوران بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات جمع کریں گے اور پہلے سے طبع شدہ اینیومریشن فارم فراہم کرتے ہوئے انہیں پُر کرنے میں ضروری رہنمائی اور تعاون بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرست میں شامل تمام افراد اپنی معلومات کی تصدیق کرائیں اور مطلوبہ تفصیلات فراہم کریں۔ اگر کسی شخص کو سال 2002 تک ووٹ کا حق حاصل نہ تھا تو وہ اپنے والدین یا دادا دادی کے ووٹر ریکارڈ کی بنیاد پر متعلقہ فارم پُر کرکے دستخط یا انگوٹھے کے نشان کے ساتھ حکام کے حوالے کرسکتا ہے۔ ووٹرز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ voter.eci.gov.in پر بھی اپنی معلومات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے بتایا کہ اس خصوصی نظرثانی مہم کے ذریعے ووٹر لسٹ میں موجود خامیوں کو دور کرنے، انتقال کر جانے والے افراد کے نام حذف کرنے اور ایک ہی شخص کے مختلف مقامات پر موجود ڈپلیکیٹ ووٹوں کو ختم کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل نوجوانوں کے نام ووٹر فہرست میں شامل کرنا اس پروگرام کا اہم مقصد ہے۔
ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ ایس آئی آر عمل کے باعث ووٹ حذف ہونے سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر عوام ہرگز یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح 8 بجے سے بی ایل اوز گھر گھر سروے کا آغاز کریں گے، لہٰذا عوام مکمل تعاون کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کو محفوظ بنائیں۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے واضح کیا کہ ووٹر تصدیقی عمل کے لیے صرف تازہ کلر فوٹو درکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ان افواہوں پر توجہ نہ دی جائے جن میں سفید بیک گراؤنڈ، کانوں کا واضح نظر آنا یا دیگر مخصوص شرائط لازمی قرار دی جا رہی ہیں۔ عوام صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور غیر مصدقہ خبروں کو نظر انداز کریں۔
کلکٹر نے مزید بتایا کہ اگر کسی ووٹر کا نام یا تفصیلات ریکارڈ میں دستیاب نہ ہوں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے افراد فارم نمبر 6 یا فارم نمبر 8 کے ساتھ سیلف ڈیکلریشن جمع کرا سکتے ہیں اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مکمل رہنمائی اور ضروری معلومات متعلقہ انتخابی افسران اور بی ایل اوز کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی قسم کی معلومات یا رہنمائی کے لیے الیکشن کمیشن کے ٹول فری نمبر 1950 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ ہر منڈل تحصیلدار (ایم آر او) دفتر میں خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر آر ایس چترو، ڈی آر او سْرونتی، آر ڈی او جگدیشور راؤ، ڈی پی آر او وشنو وردھن، تحصیلدار سرینواس، الیکشن شعبہ کے افسران نلندا پریہ سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔

