ایس آئی آر رہنمائی ہیلپ لائن سنٹر سے سینکڑوں افراد مستفید، جمعیتہ علماء ہند عادل آباد کی خدمات قابل ستائش
عادل آباد۔ 24/جون(تلنگانہ وائس)
جمعیتہ علماء ہند (ارشد مدنی) ضلع عادل آباد کی جانب سے قومی صدر حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب کی ہدایت و ریاستی صدر مفتی غیاث الدین رحمانی اور جنرل سکریٹری مفتی محمود زبیر قاسمی کی سرپرستی میں بھکتاپور میدان عیدگاہ عادل آباد میں ایس آئی آر سے متعلق عوامی رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے 17 جون تا 24 جون خصوصی ہیلپ لائن سنٹر کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

اس ہیلپ لائن سنٹر سے ضلع بھر کے سینکڑوں مرد و خواتین نے استفادہ کرتے ہوئے اپنے دستاویزات، اندراجات اور دیگر متعلقہ امور کے سلسلہ میں رہنمائی حاصل کی۔ سنٹر کا افتتاح جمعیتہ علماء ہند کے ضلع صدر مولانا عقیل قاسمی، ضلع جنرل سکریٹری حافظ افروز خان، ٹاؤن صدر حافظ محمد عامر خان پٹیل، سیاسی قائدین، عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنان کی موجودگی میں انجام پایا تھا۔

ہیلپ لائن سنٹر کے اختتامی پروگرام کے موقع پر تمام معاونین، رضاکاروں اور کمپیوٹر آپریٹرس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کے ذریعہ تہنیت کی گئی اور شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹاؤن صدر حافظ محمد عامر خان پٹیل نے کہا کہ جمعیتہ علماء ہند عوامی مسائل کے حل اور قانونی رہنمائی کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دیتی رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کامیاب مہم میں ضلع جنرل سکریٹری حافظ افروز خان، ضلع سکریٹری مولانا وسیم ، ٹاؤن جنرل سکریٹری مفتی فیروز ، نائب صدر حافظ فیروز خان، حافظ ریاض، حافظ ارشاد، حافظ عارف خان، حافظ ساحر، حافظ معیز، مسعود خان پٹیل، صدی ازہر بھائی، شیخ رضوان اور عمران خان نے بھرپور تعاون کیا۔
Advertisment

اسی طرح کمپیوٹر آپریٹرس عظیم بھائی، رضوان بھائی، ظفر بھائی اور حافظ عتیق بھائی نے عوامی درخواستوں اور آن لائن اندراجات کے عمل میں نمایاں خدمات انجام دیں، جس پر انہیں خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر جمعیتہ علماء ہند کے ذمہ داران نے تمام معاونین، کارکنان اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملت اور سماج کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

