منشیات کے خلاف جنگ میں عوام کو شریک بنائیں: ایس پی اکھل مہاجن "وال آف پرامس” پر دستخط، ضلع بھر میں انسدادِ منشیات مہم کا آغاز

منشیات کے خلاف جنگ میں عوام کو شریک بنائیں: ایس پی اکھل مہاجن

"وال آف پرامس” پر دستخط، ضلع بھر میں انسدادِ منشیات مہم کا آغاز

عادل آباد، 24/ جون(آداب تلنگانہ نیوز) نوجوان نسل کو منشیات اور گانجہ جیسی لعنت سے بچانے کے لیے عادل آباد پولیس نے ضلع بھر میں ایک منفرد بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے روبرو قائم کردہ "وال آف پرامس” پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے دستخط کرتے ہوئے گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء سے پاک عادل آباد کی تعمیر کا عہد کیا۔

ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ منشیات کا استعمال نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر رہا ہے اور اس خطرناک رجحان کے خاتمے کے لیے پورے معاشرے کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے سامنے دستخطی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو منشیات کے خلاف اس تحریک میں شامل کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گانجہ، ڈرگس یا دیگر نشہ آور اشیاء سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں۔ ایس پی نے واضح کیا کہ منشیات کی لت میں مبتلا نوجوانوں کا بروقت علاج اور بازآبادکاری ممکن ہے اور پولیس محکمہ بحالی مراکز کے تعاون سے متاثرہ افراد کو دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

اس موقع پر طلبہ، نوجوانوں، عوامی نمائندوں، میڈیا نمائندوں اور پولیس اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے "وال آف پرامس” پر دستخط کیے اور منشیات کے خلاف جدوجہد کا عہد دہرایا۔ شرکاء نے "اینٹی ڈرگ سولجر” سیلفی پوائنٹ پر تصاویر بھی بنوائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرکے بیداری مہم کو مزید تقویت دی۔

اس پروگرام میں عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار، انسپکٹرز کے فنیدھر، پرنئے کمار، ایس آئی اشوک، سنجے اور دیگر پولیس عہدیداران و عملہ شریک تھا۔