کاماریڈی میں افسوسناک واقعہ: کیرالہ سے تعلق رکھنے والی نجی اسکول کی خاتون ٹیچر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

کاماریڈی میں افسوسناک واقعہ: کیرالہ سے تعلق رکھنے والی نجی اسکول کی خاتون ٹیچر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

سید کوثر علی کی رپورٹ

کاماریڈی۔24/جون(تلنگانہ وائس) ضلع کاماریڈی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ایک نجی اسکول کی خاتون استاد نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ اسکول کے رہائشی کوارٹر میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، دیویکا ولا نامی خاتون استاد تقریباً دس روز قبل کیرالہ سے کاماریڈی کے قریب واقع نرسنّا پلی گاؤں میں ایک معروف نجی تعلیمی ادارے میں تدریسی خدمات انجام دینے کے لیے آئی تھیں۔ وہ اسکول کی جانب سے فراہم کردہ رہائشی کوارٹر میں مقیم تھیں۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام انہوں نے اپنے کمرے میں مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ضروری شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کاماریڈی گورنمنٹ جنرل اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور تفتیشی حکام مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ تلنگانہ کے متعدد نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کیرالہ سے اساتذہ کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔ ایسے میں، چند روز قبل ہی کاماریڈی پہنچنے والی خاتون استاد کی اچانک موت نے ان کے ساتھی اساتذہ اور طلبہ کے والدین کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے