حج 2027 کے لئے آن لائن درخواستوں کا آغاز
خواہش مند عازمین مفت رہنمائی کے لئے حج سوسائٹی عادل آباد سے رجوع ہوں ۔ ضلع صدر حج سوسائٹی شاہد احمد توکل
عادل آباد، 24 /جون (تلنگانہ وائس)ضلع حج سوسائٹی عادل آباد کے صدر محمد شاہد احمد توکل اور نائب صدر محمد آصف الدین نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2027 کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش مند عازمین حج 22 جون 2026 سے اپنی درخواستیں داخل کر سکتے ہیں جبکہ درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 20 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع حج سوسائٹی عادل آباد ہر سال کی طرح امسال بھی عازمین حج کی سہولت کے لیے دفتر حج سوسائٹی و اعتماد دفتر، بھکتاپور عادل آباد میں مفت رہنمائی اور آن لائن درخواستوں کے اندراج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ حج پر جانے کے خواہش مند افراد مقررہ دستاویزات کے ساتھ دفتر سے رجوع ہو سکتے ہیں۔
صدر و نائب صدر حج سوسائٹی کے مطابق درخواست گزاروں کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جس کی معیاد 31 دسمبر 2027 تک ہو۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ کی رنگین کاپی، بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک، آدھار کارڈ، پین کارڈ، سفید پس منظر والی 3.5×3.5 سائز کی تصویر، بلڈ گروپ کی تفصیلات اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کے درخواست فارم کے لیے کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی ہے۔ عازمین روزانہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک دفتر حج سوسائٹی پہنچ کر مفت خدمات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے 7989531110، 9394354477 یا واٹس ایپ نمبر 9849214764 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

