معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، وینکٹ رمنا کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ۔  کندی سرینواس ریڈی

معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، وینکٹ رمنا کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ۔  کندی سرینواس ریڈی

عادل آباد۔26/جون(تلنگانہ وائس) عادل آباد کانگریس کے اسمبلی انچارج کندی سرینواس ریڈی نے کہا ہے کہ جسمانی معذوری انسان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنتی، اگر عزم، حوصلہ اور خود اعتمادی موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ پیدائشی جسمانی معذوری کے باوجود اپنی محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کرنے والے وینکٹ رمناکی زندگی ہزاروں معذور افراد اور نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

جمعہ کے روز کندی سرینواس ریڈی نے عادل آباد کے کیلاش نگر میں سریکھا اور سنتوش کمار کے مکان پر پہنچ کر وینکٹ رمن سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی غیر معمولی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پیدائشی طور پر آسٹیوجینیسس امپرفیکٹا (ہڈیوں کی ایک نایاب بیماری) میں مبتلا ہونے کے باوجود وینکٹ رمنانے ہمت نہیں ہاری اور بستر تک محدود رہتے ہوئے بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل شعبے میں ملازمت حاصل کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ضلع کے دورے پر آئے ریاستی انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے بھی وینکٹ رمنا سے ملاقات کرکے ان کے عزم و حوصلے کی ستائش کی تھی۔ اسی سلسلے میں وزیر کی ہدایت پر کندی سرینواس ریڈی نے وینکٹ رمن کی حوصلہ افزائی کے لیے 75 ہزار روپے کی مالی امداد پیش کی۔

کندی سرینواس ریڈی نے کہا کہ وینکٹ رمنا کا عزم، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد ہر اس نوجوان کے لیے سبق ہے جو معمولی مشکلات سے مایوس ہو جاتا ہے۔ انہوں نے وینکٹ رمنا کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین تربیت اور مسلسل حوصلہ افزائی ہی اس کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وینکٹ رمنا مستقبل میں بھی اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرکے ملک و ریاست کا نام روشن کریں گے۔

اس موقع پر ضلع افسر ملکا، آتما چیئرمین گِمّا سنتوش راؤ،نمائندہ کونسلرز شیخ ارباز، کونسلرچرن گوڑ، سابق میونسپل فلور لیڈر بنڈاری ستیش، رام کمار اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔