عادل آباد میں ریاستی وزراء کا کل دورہ، مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے
عادل آباد، 26 /جون(تلنگانہ وائس)ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدر ڈاکٹر نریش جادھو نے آج کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کل ریاستی حکومت کے متعدد وزراء اور اعلیٰ عہدیداران عادل آباد کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ، وزیر اظہر الدین، حکومتِ تلنگانہ کے مشیر برائے ایس سی، ایس ٹی، بی سی و اقلیتی امور شبیر علی، اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، ٹی ایم آر ای آئی ایس کے چیئرمین فہیم قریشی اور ٹی جی ایم ایف سی کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال مختلف سرکاری و عوامی پروگراموں میں شرکت کے لیے ضلع پہنچیں گے۔
ڈاکٹر نریش جادھو نے بتایا کہ صبح 10 بجے تنیشا گارڈن میں کانگریس کارکنان اور بی ایل اے-2 سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی آر (SIR) عمل کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد سی ایم آر ایف کے چیک تقسیم کیے جائیں گے، اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے مستحقین کے لیے منعقدہ تقریبِ خانہ پری میں شرکت کی جائے گی، اقلیتی رہائشی اسکول کا افتتاح کیا جائے گا اور نئے گوداموں کی تعمیر کے لیے بھومی پوجا انجام دی جائے گی۔

انہوں نے کانگریس قائدین، ذیلی تنظیموں کے ذمہ داران، مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین، بلدی کونسلروں، سرپنچوں اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہوکر ان پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔

اس موقع پر ضلع لائبریری چیئرمین ملیپول نرسیا، سابق مارکیٹ چیئرمین اللوری سنجیو ریڈی، سابق ڈی سی سی صدر ساجد خان، ضلع کانگریس نائب صدر گمّی دیپک، ایس سی شعبہ کے چیئرمین پرمیشور، اقلیتی شعبہ کے چیئرمین شاہد علی، یوتھ کانگریس اسمبلی صدر شیخ ناہید، ضلع جنرل سکریٹری بندی دیوداچاری، سابق میونسپل فلور لیڈر و ضلع جنرل سکریٹری گولی سنجے کمار سمیت کانگریس کے متعدد قائدین اور کارکنان موجود تھے۔

