کاماریڈی میں کانگریس کی (شمع بردار )کینڈل لائٹ ریلی نیٹ پیپر لیک متاثرہ طلبہ سے اظہارِ یکجہتی

کاماریڈی میں کانگریس کی (شمع بردار )کینڈل لائٹ ریلی نیٹ پیپر لیک متاثرہ طلبہ سے اظہارِ یکجہتی

کاماریڈی۔26/جون(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)  نیٹ (NEET) امتحان کے مبینہ پرچہ لیک معاملے کے متاثرہ طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کانگریس پارٹی کی جانب سے بدھ کے روز کاماریڈی ضلع مرکز میں شمع بردار (کینڈل لائٹ) ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی اے آئی سی سی اور پی سی سی کی ہدایات اور حکومتِ تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر کی رہنمائی میں منعقد کی گئی۔ڈی سی سی صدر ملیکارجن، ضلع لائبریری ادارہ کے چیئرمین مدّی چندرکانت ریڈی اور ٹاؤن کانگریس صدر آئیرینی سندیپ کی قیادت میں منعقدہ اس ریلی میں محمد عظمت علی صدر کاماریڈی یوتھ کانگریس و پارٹی قائدین، کارکنان، طلبہ اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ نیٹ پرچہ لیک کے واقعے نے ملک بھر کے طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امتحانات کے انعقاد میں مرکزی حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) بری طرح ناکام رہی ہے اور طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے پرچہ لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر جان گنوانے والے طلبہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شمعیں روشن کیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

کانگریس قائدین نے مزید مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان اس واقعے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری استعفیٰ دیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جان بحق طلبہ کے اہلِ خانہ کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور لاکھوں طلبہ کے مستقبل کو متاثر کرنے والے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے کام کاج کا جامع جائزہ لیا جائے۔ریلی میں میونسپل چیئرپرسن اِپّا اُما سرینواس، سابق ڈی سی سی صدور کیلا سرینواس راؤ اور راجا گوڑ، ایس سی سیل ضلع صدر بھومنی بالاراج، ریڈی نائک، محمدعظمت علی،رام کمار، پاتا دیویا، ناگ راج گوڑ سمیت متعدد کانگریس قائدین، کارکنان اور طلبہ شریک تھے